No institution including the government could end human trafficking, those who play with human lives should be brought to justice, Central Jamiat Ahl Hadith


Faisalabad (94 news) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبد الرشید حجازی، حافظ محمد یونس آزاد، سید سبطین نقوی، خالد محمود اعظم آبادی، مہر محمد عبداللہ و دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی سمگلروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ مختلف اشیاء اور چیزوں کی سمگلنگ تو ملک میں عام بات ہے مگر افسوس تو اس بات کا ہے کہ دولت کی طمع و لالچ نے انسان کو انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنے پر لگا دیا ہے۔ گزشتہ دنوں مراکش کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانیوں کی ہلاکت پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے غیر قانونی طور پر لاکھوں روپے لگا کر غیر ممالک میں جانے اور لیجانے والے افراد انسانی سمگلنگ جیسے گھناؤنے کاروبار میں مصروف ہیں جبکہ حکومت سمیت کوئی ادارہ ایسے افراد کو ختم نہیں کر سکا۔ بد قسمتی سے آج تک ملکی وغیر ملکی ہزاروں افراد پانی میں ڈوب کر اپنی زندگیاں ختم کر چکے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ غیر قانونی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی و سنگین جرم ہے جس کی روک تھام ضروری ہے۔ حکومتی نااہلی اور اداروں کی بے حسی کے باعث انسانی سمگلر بھولے بھالے اور سادہ لوح نوجوانوں کو بیرون ممالک میں خصوصاً یورپ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر غیر قانونی طور پر لاکھوں روپے کے عوض کشتیوں کے ذریعے لے جاتے ہیں اور پھر کھلے سمندر میں بے یاروں مددگار انہیں سمندری موجوں کے سامنے چھوڑ دیتے ہیں ایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں گرفتار کر کے سرعام پھانسی دی جائے تا کہ دوسرے لوگوں کے لئے نشان عبرت بن سکے ۔حکومت اس سلسلہ میں مؤثر قانون سازی کرے اور ملک بھر سے انسانی سمگلروں کو تلاش کر کے تختہ دار پر لٹکانے کے اقدامات اٹھائے تا کہ آئیندہ سے انسانی زندگیوں سے کھیلنے کا گھناؤنا کھیل بند ہو سکے ۔



