سماجی بہبود اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کا تسلسل ایک قابل تحسین عمل ہے، محمد آصف چوہدری ڈی جی ایف ڈی اے


Faisalabad (94 News City Reporter) Director General Faisalabad Development Authority (FDA) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے باوجود سماجی بہبود اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کا تسلسل ایک قابل تحسین عمل ہے۔ فلاحی تنظیمیں معاشرے کے محروم اور خصوصی افراد کی بہتری، تعلیم و تربیت اور بحالی کے لیے گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا مفید اور خودمختار شہری بنانے کے لیے رضاکارانہ بنیادوں پر کام کرنے والے اداروں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے لیے سرگرم فلاحی ادارے تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپس دھوبی گھاٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران خصوصی بچوں میں 25 ویل چیئرز تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ یہ ویل چیئرز اقراء ایجوکیشن ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین قاری انیس الرحمن کی جانب سے بطور عطیہ فراہم کی گئی تھیں۔
تقریب میں ڈویژنل آفیسر سپیشل ایجوکیشن آنسہ رندھاوا، پرنسپل ہوم اکنامکس کالج ڈاکٹر شہلا قاسم، صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد دیگر عہدیداران پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم، چوہدری سرفراز احمد، سبحان علی، طارق نذیر، پرنسپل کلثوم افتخار، وائس پرنسپلز شائستہ ارشاد، صبا سعود، فیکلٹی ممبران اور خصوصی بچوں کے والدین بھی موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے تنظیم اللسان کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے لیے جاری وسیع تر فلاحی پروگراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو نقل و حرکت میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ویل چیئرز کی فراہمی ایک قابل قدر انسانی خدمت ہے۔ اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف مستحق بچوں کی مشکلات کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی، احساسِ تحفظ اور معاشرے کا فعال حصہ بننے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو تعلیم، علاج، تربیت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ معاشرے کے صاحبِ ثروت افراد، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کو چاہیے کہ وہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ خصوصی بچوں کو بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے اقراء ایجوکیشن ٹرسٹ برطانیہ کے تعاون اور تنظیم اللسان کی انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
اس موقع پر صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے ادارے کی فلاحی سرگرمیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تنظیم اللسان خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سروسز کے ذریعے بھی مستحق خصوصی افراد کی معاونت کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک 200 سے زائد ویل چیئرز اور اتنی ہی تعداد میں سماعت سے محروم افراد میں سماعت کے آلات تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران تنظیم اللسان کے زیر اہتمام تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے سماعت سے محروم 9 ہزار سے زائد نوجوان سرکاری اور نجی اداروں میں ملازمتیں حاصل کرکے باعزت روزگار کما رہے ہیں۔ یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ مناسب تعلیم، جدید تربیت اور مستقل رہنمائی کے ذریعے خصوصی افراد کو معاشی طور پر خودمختار اور معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر افتخار احمد نے مزید بتایا کہ تنظیم اللسان میں خصوصی بچوں اور طلبہ و طالبات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سپیچ تھراپی اور آٹزم سے متعلق ڈپلومہ پروگرامز بھی جاری ہیں، جن کے ذریعے متعلقہ شعبوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری اور خصوصی بچوں کی بہتر نگہداشت و بحالی کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔



