جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے سمپوزیم اور واک کا انعقاد


Faisalabad (94 News City Reporter) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز کے زیرِ اہتمام پنک ربن مہم کے تحت بریسٹ کینسر سے آگاہی اور بچاؤ کے حوالے سے عالمی سمپوزیم واک کا انعقاد قائداعظم آڈیٹوریم، نیو کیمپس میں کیا گیا۔
سمپوزیم کا مقصد چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور علاج کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے سرپرستِ اعلیٰ، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی نے مہمانِ خصوصی، جبکہ پنجاب کی صوبائی محتسب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔ ڈین فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عابد رشید چیف آرگنائزر تھے۔ تقریب کا آغاز آگاہی واک سے ہوا۔ ڈاکٹر علی سفتین نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، جبکہ ڈاکٹر رافعہ امتیاز نے پنک ربن مہم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی، احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر ڈاکٹر عابد بشیر نے اپنے کلیدی خطاب میں بریسٹ کینسر سے بچاؤ اور عوامی آگاہی کی اہمیت اجاگر کی، جبکہ ڈاکٹر طاہر بشیر نے چھاتی کے سرطان کے علاج میں جدید طریقۂ کار پر گفتگو کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم اور پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی نے صحت عامہ کے فروغ میں تعلیمی اداروں اور طبی ماہرین کے کردار کو اہم قرار دیا۔ ڈاکٹر عالیہ شائمہ نے خواتین کے لیے چھاتی کے خود معائنے سے متعلق خصوصی آگاہی سیشن بھی منعقد کیا، جس میں غیر معمولی تبدیلیوں کی صورت میں فوری طبی مشورہ لینے کی اہمیت بیان کی گئی۔ سمپوزیم کے اختتام پر شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر خواتین کی صحت، طبی تعلیم اور معاشرتی آگاہی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



