ایف ڈی اے پلاٹوں کی نیلام عام کی تقریب 15 اکتوبر ایف ڈی اے کمپلیکس میں ہوگی


Faisalabad (94 News City Reporter) Faisalabad Development Authority (FDA) کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں و کمرشل مارکیٹس میں متعدد کمرشل پلاٹس اور 126 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں مختلف رقبہ جات کی پبلک یوٹیلیٹی سائٹس کی فروخت کے لئے نیلام عام کی تقریب 15 اکتوبر 2026ء کو صبح 11 بجے ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں نیلامی کے لئے منتخب کمرشل پلاٹس کی تفصیلات، محل وقوع اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیلام عام میں دکانوں کی تعمیر کے لئے مختص کمرشل پلاٹس محلہ احمد نگر، ملت ٹاؤن، علامہ اقبال کالونی اور مدینہ ٹاؤن میں واقع ہیں، جبکہ ملت چوک گلستان کالونی نمبر 2 میں ایف ڈی اے کی ملکیتی گلستان پلازا کے مختلف فلورز پر واقع دکانیں بھی کرایہ پر دینے کے لئے نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔ مزید برآں 126 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں تعلیم و صحت کی سہولیات کے لئے مختص مختلف رقبہ جات کی پبلک یوٹیلیٹی سائٹس بھی نیلام عام کے ذریعے فروخت کے لئے پیش کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نیلامی میں فروخت کے لئے پیش کئے جانے والے کمرشل پلاٹس کے رقبہ جات، محل وقوع اور دیگر متعلقہ تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ نیلامی کے تمام انتظامات ہر لحاظ سے فول پروف، شفاف اور منظم بنائے جائیں تاکہ خواہشمند سرمایہ کاروں اور شہریوں کو نیلامی میں شرکت کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نیلام عام کی تاریخ، وقت، شرائط و ضوابط اور نیلامی میں پیش کئے جانے والے پلاٹس و پبلک یوٹیلیٹی سائٹس کی تفصیلات کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ دلچسپی رکھنے والے افراد اس عمل میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک اور کمرشل اثاثہ جات کی شفاف نیلامی سے ادارے کے مالی وسائل میں اضافہ اور آمدن کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے، اس مقصد کے لئے نیلامی کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ نیلامی میں حصہ لینے والے افراد کو ضروری معلومات اور رہنمائی کی فراہمی کے لئے مؤثر انتظامات کئے جائیں تاکہ تمام کارروائی خوش اسلوبی اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔



