The security system will be modernized in FDA City, Mohammad Asif Chaudhry


Faisalabad(94 News City Reporter) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے سٹی میں سیکیورٹی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے تحت ایف ڈی اے سٹی کے داخلی مقام پر جدید سکیورٹی فیچرز سے آراستہ نیا گیٹ تعمیر کیا جائے گا، جبکہ سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کے لیے الیکٹرک بیریئرز کی تنصیب اور رہائشیوں کو خصوصی سکیورٹی اسٹیکرز جاری کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کے دوران ایف ڈی اے سٹی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر و ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ سکیورٹی آڈٹ کی روشنی میں تیار کیے گئے جامع پلان کے تحت ایف ڈی اے سٹی کے داخلی راستے کو جدید سکیورٹی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، جہاں نئے گیٹ کی تعمیر کے ساتھ الیکٹرک بیریئرز نصب کیے جائیں گے تاکہ آمدورفت کے نظام کو مزید محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی کے رہائشیوں کو سکیورٹی اسٹیکرز جاری کرنے سے رہائشی اور غیر رہائشی گاڑیوں کی شناخت اور نگرانی میں مدد ملے گی۔محمد آصف چوہدری نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے سٹی کے ماحول کو مزید خوشگوار، خوبصورت اور رہائشیوں کے لیے سہولت بخش بنانے کے لیے ترقیاتی انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں سڑکوں کی مرمت و بحالی، پارکس کی تزئین و ترقی اور اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے چیف انجینئر کو ہدایت کی کہ نئے داخلی گیٹ اور سکیورٹی روم کی تعمیر کے کام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر منصوبہ بندی اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں۔



