پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا


اسلام آباد (94 نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔
نوٹیفیکشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پیٹرولیم ڈیلرز کی مبینہ ہڑتال سے متعلق جعلی خبریں گردش کررہی ہیں، کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے کسی قسم کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔
کل یکم مئی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج ہی کیا گیا۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ جنگ کے آغاز سے ہی پیٹرولیم سپلائی بلاتعطل برقرار رکھی گئی ہے، مستقبل میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔



