ایف ڈی اے کی جانب سے تجاوزات کیخلات آپریشن جاری، 12 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج


فیصل آباد(94 نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کا مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران سوساں روڈ، بسم اللہ چوک مدینہ ٹاؤن اور ملت چوک گلستان کالونی میں دکانداروں کی طرف سے سڑکوں پر کی گئی تجاوزات کا صفایا کرکے سامان قبضہ میں لے لیا گیا اور 12 دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو مدینہ ٹاؤن اور ملت روڈ پر بعض دکانداروں نے سڑکوں اور سرکاری جگہوں پر کاروباری سامان رکھ کر عوامی راستوں کو روک رکھا تھا جنہیں قبل ازیں تجاوزات از خود ختم کرنے کی وارننگ دی گئی لیکن قانون شکنی جاری رہی جس پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا اور قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی پراپرٹی کی حدود میں رہیں اور سڑکوں پر کاروباری سامان رکھ کر راستوں کو بلاک کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔



