تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمینز، سیکرٹریز اور کنٹرولرز تعینات کئے جائیں، پنجاب بورڈز فیڈریشن


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) پنجاب بورڈز فیڈریشن کا اہم اجلاس تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد و فوکل پرسن پنجاب بورڈز فیڈریشن ثاقب علوی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں جنرل سیکرٹری چوہدری نسیم گجر اور پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیش کردہ ایجنڈا پر فیڈریشن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران تمام بورڈز میں مستقل چیئرمینز، سیکرٹریز اور کنٹرولرز کی تعیناتیوں، لاہور بورڈ میں ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کی مبینہ ذاتی رنجش پر معطلی، اور ایڈیشنل چارج افسران کو غیر قانونی مراعات دینے جیسے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے مذکورہ معطلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا۔صدر تعلیمی بورڈ فیصل آباد ثاقب علوی نے ملازمین کو درپیش مسائل اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب بورڈز فیڈریشن کو تحریری طور پر آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ فیصل آباد سمیت تمام بورڈز کے ملازمین کو یکساں مراعات دی جائیں۔ انہوں نے لاہور بورڈ کی طرز پر50 بورڈ الاؤنس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی اور ترقیوں کے نظام میں برابری پر زور دیا۔اجلاس میں شریک مختلف بورڈز کے عہدیداران نے بھی اپنے اپنے اداروں کے مسائل پیش کیے اور فیڈریشن سے ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا-اس موقع پر چیئرمین پنجاب بورڈز فیڈریشن ملک نثار احمد، صدر فیڈریشن سید سبطین شاہ، چوہدری محمد اسلم گجر، چوہدری عمران گجر، سردار پرویز احمد ڈوگر، محسن جوئیہ، اکرم شاہ اور بلال احمد جوئیہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایڈیشنل چارج افسران کی جانب سے غیر قانونی مراعات حاصل کرنے کے معاملات کی شفاف انکوائری کے لیے اعلیٰ حکام سے رجوع کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر میزبانوں نے پنجاب بھر سے آئے ہوئے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔



