فیصل آباد،سینٹری ورکرز تنخواہیں نہ ملنے اور ویسٹ مینجمنٹ کو پرائیویٹ کئے جانے کیخلاف ریلی نکالے ہوئے، ریلی کی قیادت بابا لطیف انصاری، پرویز بھٹی، یوسف عدنان و دیگر کرتے ہوئے

پرائیویٹ کمپنی کے سی ای او سے مذاکرات کامیاب، تمام مطالبات پورے کریں گے، سی ای او رانا ساجد

فیصل آباد (94نیوز میاں ندیم احمد )فیصل آباد سینٹری ورکرز اور سپروائزر ایکشن کمیٹی نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کیخلاف تنخواہیں نہ ملنے اور انکو پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنے کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت بابا لطیف انصاری، پرویز اقبال بھٹی سابقہ وائس چیئرمین سی سی 2، شہزاد وسیم پہلوان سابقہ اقلیتی چئیر مین، لالہ روبن ڈینیل، میڈم طاہرہ انجم، راجہ ٹامس، میاں رزاق کھوکھر اور یوسف عدنان نے کی۔ ریلی ضلع کونسل سے شروع ہوئی اور سینٹری ورکرز نے ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیدیا۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مطالبہ کیا کہ تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو سوشل سکیورٹی اور محکمہ اولڈ ایج بینیفٹ میں رجسٹرڈ کروایا جائے۔ نومبر اور دسمبر کی تنخواہ 37000ہزار روپے ادا کی جائے۔بابا لطیف انصاری لیبرقومی موومنٹ نے دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اپنے 1350ملازمین کو کیئر کمپنی کے حوالے کردیا لیکن ان کی سابقہ پانچ ماہ کی تنخواہیں اور عیدالاضحیٰ کا معاوضہ ادا نہیں کیا۔احتجاجی دھرنا میں سی او کیئر سروس رانا ساجد نے آکر مذاکرات کئے۔ قائدین نے اپنے مطالبات میں کہا کہ مستقل طور پرہونے والے کام کو کسی پرائیویٹ کمپنی کے حوالے نہیں کرنے دیں گے۔ پنجاب حکومت محکمہ کی خودذمہ دار بنے۔ اگر ادارہ کوپرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنا ہی ہے تولیبر ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹریشن لازمی قرار دی جائے۔ ملازمین کو قا نون کے مطابق حقوق و مراعات کی فراہمی لازمی قرار دی جائے۔ملازمین کو تقررنامے جاری کئے جائیں،ملازمین کیتنخواہ 42000 روپے کی جائے، سالانہ، اتفاقیہ اور میڈیکل چھٹیاں دی جائیں، ای او بی آئی اور پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی کے تحت تحفظ فراہم کیا جائے، کمپنی اپنی بچت میں سے ملازمین کو بونس کی ادائیگی لازمی کرے، ملازمین کی گروپ انشورنس کروائی جائے۔ حکومت ملازمت کے سابقہ دورانیہ کو پنشن سروس میں شمار کرے۔ دس سے پندرہ سال ڈیوٹی کرنے والے سپر وائزر کو سابقہ پوسٹ پر بحال رکھا جائے، مسیحی ملازمین کو کرسمس سے پہلے ادائیگیاں کی جائیں۔ملازمین کو سیفٹی آلات اور ماسکدئیے جائیں،سی او کیئر کمپنی رانا ساجد کی جانب سے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے،اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو5دسمبر سے احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔



