محکمہ لائیو سٹاک کی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں گھر گھر جاکر سہولیات دینے لگیں، لائیوسٹاک کارڈ کی رجسٹریشن تیزی سے جاری ہے، ڈاکٹرسید ندیم بدر


فیصل آباد(94 نیوز) محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے مویشی پال حضرات کو جانوروں کی صحت اور علاج معالجے سے متعلق سہولیات اور آگاہی ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز کا عملہ سرگرم عمل ہے۔ ہر موبائل ویٹرنری ڈسپنسری میں ایک ویٹرنری آفیسر،ایک ویٹرنری اسسٹنٹ، ایک کیٹل اٹینڈنٹ اور ڈرائیور ہوتا ہے اس وقت ڈویژن بھر میں ٹوٹل20 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز کام کر رہی ہیں جن میں ضلع فیصل آباد میں پانچ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چار چار اور ضلع جھنگ میں کل سات موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں سرگرم عمل ہیں۔ یہ موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں ہر طرح کے جدید آلات، اوزار اور ادویات سے لیس ہوتی ہیں۔اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر کا کہنا ہے کہ ان موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں کے ذریعے دور دراز علاقہ جات کے مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر ان کے جانوروں کا مفت علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ان کے جانوروں کی صحت، علاج معالجہ، ان کی بہتر نگہداشت،دیکھ بھال اور محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مویشی پال حضرات کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے جانے والے نئے ترقیاتی منصوبہ جات بالخصوص وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ بارے کسان لائیو سٹاک بیٹھک پروگرام کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیم میں شامل ہونے کے لئے مویشی پال حضرات پی ایل سی سپیس اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر میسج کر کے ابھی بھی اس سکیم میں خود کو شامل کروا سکتے ہیں اس سکیم میں شامل ہونے کے لئے چند دن باقی رہ گئے ہیں۔



