National

فیصل آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر

Faisalabad (94 news) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہری خوبصورتی اور علاقائی تہذیب وثقافت کو اچھوتے انداز میں اجاگر کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اسی سلسلے میں متعلقہ اداروں اورمقامی صنعتکاروں اور تاجروں کے اشتراک سے تزئین وترقی کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی کی تحریک پر کلین اینڈ گرین پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے شہری خوبصورتی کے لئے تمام بڑی شاہرات،چوکوں،انڈر پاسز،اورہیڈ برج اہم دیواروں پر نقش ونگار،دلکش منظر،رنگ وروغن اور سرسبز وشاداب بنانے آرٹ و ڈیزائن کے نقشوں کو ترتیب دیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے شہر کو خوشنما اور دیدہ زیب بنانے کے سلسلے میں مقامی صنعتکاروں وتاجروں کو بریفنگ دی اور انہیں اس ضمن میں سوچے گئے منصوبوں وآئیڈیاز سے آگاہ کیا۔اس موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(Revenue)فضل ربی چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ میٹنگ میں معروف صنعتکاروں میاں محمد حنیف،شبیر حسن چاولہ،مزمل سلطان،جنید بانٹھ،احتشام جاوید،محمد توفیق،انجینئر احمد حسن کے علاوہ سیکرٹری چناب کلب اسد حیات نے شرکت کی۔اس موقع پر ماہرین آثار قدیمہ وآرٹ اینڈ ڈیزائن عامر کیفی اور میڈم آمنہ نے شہرکی خوبصورت منظر کشی کرنے کے حوالے سے مجوزہ ڈیزائن اورنقشوں سے آگاہ کیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے تاجروں وصنعتکاروں کے ہمراہ شہر کی مختلف شاہرات وعلاقوں کا دورہ کیا اور شہر کی دلکشی اور خوشنمائی میں اضافہ کرنے سمیت مختلف قدیمی عمارتوں وتاریخی وثقافتی ورثہ کے تحفظ وبحالی اورتزئین وآرائش کے تعمیراتی وترقیاتی تقاضوں کاجائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ صنعتکاروں وتاجروں کے وفد نے ضلع کونسل چوک،احاطہ کچہری،ہلال احمر چوک،چناب کلب چوک،بشیر نظامی (ریلوے اسٹیشن چوک)،ایم ٹیکس چوک عبداللہ پور،بیرون میونسپل ڈگری کالج جڑانوالہ روڈ،ڈی گراؤنڈ پیپلزکالونی،سلیمی چوک ستیانہ روڈ،حضرت ابوانیس محمدبرکت علی انڈر پاس وفلائی اوورجھال چوک،عبدالرشید غازی چوک(جی ٹی ایس چوک)،عبدالستار ایدھی روڈودیگر علاقوں کا دورہ کیا اور شہری خوبصورتی وترقی،سرسبز وشادابی اور نقش ونگار کے مختلف منصوبے زیر بحث آئے جن کے مطابق شہر کی اہم دیواروں پر علاقائی تہذیب وثقافت اور خوبصورتی اجاگر کرنے والی جاذب نظر گرافٹنگ کی جائے گی جبکہ انڈر پاسز اورفلائی اوورز کے مناظر کو دلکش بنانے کے لئے بھی مختلف نوعیت کے نقش ونگار بنائے جائیں گے اسی طرح چوکوں وشاہرات میں دلفریب لینڈ سکیپنگ کے ساتھ مختلف نوعیت کے ماڈلز بنائے جائیں گے علاوہ ازیں تاریخی گھنٹہ گھر،قیصری دروازہ،گمٹی،کیلہ گفٹ فنڈ بلڈنگ ضلع کچہری،پاکستان ماڈل سکول کچہری بازار،ضلع کونسل علامہ اقبال لائبریری اور میونسپل ڈگری کالج کی قدیمی عمارت ودیگر تاریخی وثقافتی ورثہ کی تزئین وبحالی کے منصوبوں کو بھی شہری خوبصورتی اور کلین اینڈ گرین فیصل آباد کے منصوبوں میں شامل کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے عامرعزیز نے شہری خوبصورتی اور ترقی کے مجوزہ منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔مخیر صنعتکاروں نے کلین اینڈ گرین پروگرام،شہری خوبصورتی،تاریخی وثقافتی ورثہ کے تحفظ اور تزئین وترقی کے دیگر منصوبوں میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button