تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی سپورٹس کمیٹی برائے سال 27-2026ء کا اجلاس

طالبات کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرکے ان کی جسمانی صحت، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا

فیصل آباد (94 نیوز) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی ہدایت پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کی زیرِ صدارت و ڈائریکٹر سپورٹس زنانہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد نگہت نورین مظہر کی زیرِ نگرانی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی سپورٹس کمیٹی برائے سال -27-2026ء کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل و صدر سپورٹس کمیٹی اسلامیہ کالج برائے خواتین عیدگاہ روڈ فیصل آباد ناہید قادر سمیت فیصل آباد ڈویژن کے مختلف خواتین کالجز کی پرنسپلز اور ڈائریکٹرز سپورٹس نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں خواتین کالجز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ، طالبات کی کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت، کھیلوں کے مقابلوں کے مؤثر انعقاد اور نوجوان نسل میں صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طالبات کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرکے ان کی جسمانی صحت، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں کے مواقع میں اضافہ، ان کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے جدید مواقع کی فراہمی ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ کھیل طالبات میں خود اعتمادی، برداشت، ٹیم ورک اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خواتین کی کھیلوں میں شرکت کو مزید وسعت ملے گی اور طالبات اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں گی۔ ڈائریکٹر سپورٹس زنانہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد نگہت نورین مظہر نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں میں طالبات کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ایک صحت مند اور بااعتماد معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد بھی اسی جذبے کے تحت خواتین کالجز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کمیٹی کے باہمی تعاون اور مشاورت سے کھیلوں کے مقابلوں کو بہتر انداز میں منعقد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبات اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔ پرنسپل و صدر سپورٹس کمیٹی اسلامیہ کالج برائے خواتین عیدگاہ روڈ فیصل آباد ناہید قادر نے کہا کہ کالجز کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے طالبات میں صحت مند مسابقت، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کالجز کی انتظامیہ اور سپورٹس کمیٹیاں طالبات کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خواتین کالجز میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مربوط حکمتِ عملی، اداروں کے درمیان تعاون اور طالبات کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کھیلوں کے فروغ کے وژن سے ہم آہنگ رہتے ہوئے طالبات کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لیے پنک گیمز کو مزید وسعت دینے جیسے اقدامات بھی اسی سمت میں اہم پیش رفت ہیں۔



