لٹریری فیسٹیول یا ادبی بے قدری؟ فیصل آباد کے ادیب اپنے ہی شہر میں اجنبی!


تحریر: میاں ندیم احمد | 94 نیوز
فیصل آباد میں لٹریری فیسٹیول (ایف ایل ایف) کا انعقاد بلاشبہ ایک خوش آئند سرگرمی ہے۔ کتاب، ادب، شاعری، مکالمے اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے ایسے پروگرام نہ صرف ضروری ہیں بلکہ معاشرے کی فکری ترقی کا اہم ذریعہ بھی ہیں۔ تاہم جب کسی شہر میں ادب کے نام پر ایک بڑا فیسٹیول منعقد ہو اور اسی شہر کے شاعر، ادیب اور اہلِ قلم اس تقریب سے باہر رہ جائیں تو خوشی کے اس موقع پر سوالات بھی جنم لیتے ہیں۔ یہ سوال صرف چند شاعروں کی شرکت کا نہیں بلکہ شہر کی ادبی شناخت، مقامی ثقافت اور اہلِ قلم کے احترام کا ہے۔
کسی شہر کی بدقسمتی یہ نہیں کہ وہاں ادبی تقریبات کم ہوں، بلکہ اصل بدقسمتی تب ہوتی ہے جب ادب کے نام پر تقریبات سجائی جائیں، بڑے بڑے دعوے کیے جائیں، لاکھوں کروڑوں کے اخراجات کا ماحول بنایا جائے، اسٹیج پر چراغاں ہو، مہمانوں کی فہرستیں طویل ہوں، مگر اسی شہر کے شاعر، ادیب اور اہلِ قلم اپنی ہی ادبی تقریب میں اجنبی بن کر رہ جائیں۔ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے حوالے سے سامنے آنے والا احتجاج کچھ ایسے ہی سوالات اٹھا رہا ہے، جنہیں محض چند شاعروں کی ناراضی قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
فیصل آباد، جسے آٹھ بازاروں کا شہر کہا جاتا ہے، جس کی شناخت ٹیکسٹائل، صنعت، کاروبار اور محنت سے جڑی ہے، وہیں اس شہر کی ایک مضبوط ادبی روایت بھی موجود ہے۔ اس شہر نے ایسے شاعر، ادیب، محقق اور مصنف پیدا کیے جنہوں نے اپنی عمر ادب کی خدمت میں گزار دی۔ لیکن افسوس، جب اسی شہر میں لٹریری فیسٹیول منعقد ہوتا ہے تو مقامی ادبی شخصیات کو نظرانداز کیے جانے کی شکایت سامنے آتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر فیصل آباد کے ادیبوں کو اپنے ہی شہر میں ادبی نمائندگی کے لیے احتجاج کیوں کرنا پڑ رہا ہے؟
معروف شاعر، ادیب اور مصنف پروفیسر ریاض احمد قادری اور ڈاکٹر اظہار احمد گلزار نے 94 نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور ضلع کونسل میں شاعروں کے احتجاج کی صورت میں اس معاملے کو سامنے بھی لایا گیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ فیسٹیول میں بیرونِ شہر اور بیرونِ ملک سے شاعروں اور ادیبوں کو دعوت دی گئی، مگر فیصل آباد کے اپنے بڑے ادبی ناموں کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کے وہ مستحق تھے۔
یہاں سوال کسی دوسرے شہر کے شاعر کو بلانے پر نہیں، سوال ترجیحات کا ہے۔ اگر فیصل آباد کے اپنے اہلِ قلم موجود ہیں، اگر اس شہر میں ایسے شاعر ہیں جنہیں قومی سطح پر ادبی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز جیسے اعزازات مل چکے ہیں، اگر یہاں علم و ادب کے ایسے نام موجود ہیں جن کی تصانیف اور ادبی خدمات ان کی پہچان ہیں، تو پھر فیسٹیول کی منصوبہ بندی میں ان شخصیات کو مناسب جگہ کیوں نہ دی گئی؟ کیا فیصل آباد کی ادبی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے باہر سے نام درآمد کرنا ضروری تھا؟
پروفیسر ریاض احمد مجید ستارہ امتیاز حاصل کر چکے ہیں۔ فیصل آباد میں ادب کے کئی معتبر نام موجود ہیں، جن کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ ایسے میں یہ تاثر پیدا ہونا کہ فیصل آباد کے اپنے شاعر اور ادیب منتظمین کی نظر میں اہمیت نہیں رکھتے، ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ آخر مقامی ادبی حلقوں کو کس بنیاد پر نظرانداز کیا گیا؟ کیا دعوت نامے جاری کرنے کا کوئی واضح معیار تھا؟ کیا مقامی ادبی تنظیموں، شاعروں اور مصنفین سے مشاورت کی گئی؟ یا فیسٹیول کی منصوبہ بندی چند افراد کے فیصلوں تک محدود رہی؟
لٹریری فیسٹیول کا مطلب صرف کتابوں کی نمائش، خوبصورت بینرز، بڑے ناموں کی تشہیر اور اسٹیج پر گفتگو نہیں ہوتا۔ ادبی فیسٹیول دراصل شہر کی فکری تاریخ، ثقافتی شناخت اور علمی روایت کو سامنے لانے کا نام ہے۔ اگر کسی شہر کا فیسٹیول اسی شہر کے ادبی ورثے کو مناسب جگہ نہ دے سکے تو اس کی ترجیحات پر سوال اٹھنا فطری ہے۔
فیصل آباد کو محض ایک صنعتی شہر سمجھنے والوں کے لیے شاید اس کے ادبی سرمائے کی اہمیت کم ہو، مگر حقیقت یہ ہے کہ شہر کی شناخت صرف کارخانوں، مشینوں، کاروباری مراکز اور بازاروں سے نہیں بنتی۔ شہر اپنی زبان، شاعری، کتابوں، دانشوروں اور تخلیق کاروں سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ جس شہر کے اہلِ قلم کو اپنے ہی شہر میں نظرانداز کیا جائے، وہاں ثقافت کے فروغ کے دعوے کم از کم سنجیدہ نظرثانی کے مستحق ہیں۔
یہ بھی ایک اہم سوال ہے کہ اگر اس فیسٹیول پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، جیسا کہ مقامی ادبی حلقوں کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے ہیں، تو کیا اس بجٹ میں مقامی ادیبوں اور شاعروں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی مناسب منصوبہ بندی موجود تھی؟ اگر عوامی وسائل سے ثقافتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تو ان پروگراموں کی ترجیحات، منصوبہ بندی اور مقامی نمائندگی کے بارے میں وضاحت ہونا بھی ضروری ہے۔ بڑے بجٹ کا مطلب بڑا فیسٹیول نہیں ہوتا، اصل بڑا فیسٹیول وہ ہوتا ہے جو اپنے شہر کے لوگوں کو عزت، شناخت اور حصہ داری دے۔
پنجاب آرٹس کونسل اور فیسٹیول انتظامیہ کو اس احتجاج کو ذاتی تنقید یا چند افراد کی شکایت سمجھنے کے بجائے ایک سنجیدہ ادبی مسئلے کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ مقامی ادیبوں کی شرکت محض رسمی کارروائی نہیں ہونی چاہیے بلکہ ان کی خدمات، تجربے اور ادبی مقام کو سامنے رکھتے ہوئے انہیں پروگرام کا حقیقی حصہ بنایا جانا چاہیے۔ بیرونِ شہر اور بیرونِ ملک سے مہمانوں کو دعوت دینا فیسٹیول کی خوبصورتی ہو سکتا ہے، مگر اپنے شہر کے اہلِ قلم کو نظرانداز کرنا اس خوبصورتی کو ادھورا کر دیتا ہے۔
فیصل آباد کے شاعر اور ادیب یہ نہیں کہہ رہے کہ دوسرے شہروں کے لوگوں کو نہ بلایا جائے، وہ یہ سوال کر رہے ہیں کہ اپنے شہر کے لوگوں کو کیوں بھلا دیا گیا؟ یہ سوال کسی ایک شاعر کا نہیں، فیصل آباد کی ادبی شناخت کا سوال ہے۔ یہ سوال اس ادارہ جاتی سوچ کا بھی ہے جس میں بعض اوقات مقامی صلاحیتوں کے بجائے بیرونی ناموں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
ادب کسی شہر کی زینت ضرور ہے، مگر ادبی شخصیات اس زینت کی بنیاد ہوتی ہیں۔ اگر بنیاد ہی نظرانداز کر دی جائے تو عمارت کتنی ہی خوبصورت کیوں نہ ہو، اس کی مضبوطی پر سوال اٹھتے رہیں گے۔
فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے منتظمین کو چاہیے کہ وہ مقامی شاعروں اور ادیبوں کے تحفظات کا جواب دیں، آئندہ تقریبات میں مقامی ادبی شخصیات کو مناسب نمائندگی دیں اور یہ ثابت کریں کہ فیصل آباد کا ادبی فیسٹیول واقعی فیصل آباد کے ادب، ثقافت اور اہلِ قلم کی ترجمانی کرتا ہے۔
ورنہ سوال تو یہی رہے گا کہ فیصل آباد میں لٹریری فیسٹیول منعقد ہوا، باہر سے شاعر بھی آئے، مہمان بھی آئے، چراغاں بھی ہوا، مگر فیصل آباد کے اپنے شاعر اپنے ہی شہر کے فیسٹیول میں جگہ تلاش کرتے رہے!


