فیصل آباد کوصوبہ بنانے کی تحریک کا آغاز ہوگیا، جی ٹی ایس چوک میں بڑی ریلی کا انعقاد


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) فیصل آباد کوصوبہ بنانے کی تحریک کے سلسلہ میں مکوآنہ سے ایک بھرپور عوامی ریلی کا آغاز کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شرکت کی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جی ٹی ایس چوک فیصل آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت سابق صوبائی وزیر چوہدری ظہیرالدین خاں اور سابق ایم پی اے چوہدری علی اختر خاں نے کی۔ اس موقع پر شرکا ء نے فیصل آباد کوصوبہ بنانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے تحریک کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ریلی میں امیدوار میونسپل کمیٹی مکوآنہ حاجی ملک مظہر اعوان، معروف روحانی شخصیت پیر سید احسان علی بہادر، سید سلطان علی بہادر، سید عنصر عباس شاہ، چوہدری سرور گجر، رانا اکمل ایڈووکیٹ، بابا غلام فرید گجر، شیخ اکرم، رائے نوطے خاں سمیت دیگر معززین اور سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری علی اخترخاں،چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ فیصل آباد ایک اہم صنعتی، تجارتی اور کاروباری شہر ہے، جس کی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر اسے صوبہبنانے کا مطالبہ اہمیت کا حامل ہے۔ فیصل آباد کوصوبہ بنانے سے انتظامی امور میں بہتری، عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو سرکاری سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکتی ہے۔ریلی کے شرکا ء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیصل آباد کوصوبہ بنانے کی تحریک کو پرامن اور جمہوری انداز میں جاری رکھا جائے گا اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ فورمز پر آواز بلند کی جائے گی۔



