ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، ناصر جاوید رانا


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد ممکن نہیں، اس لیے ہر فرد کو ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیصل آباد پریس کلب میں منعقدہ "میٹ دی پریس” پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر فیصل آباد پریس کلب سردار بلال ڈوگر نے مہمان خصوصی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب ایسے مکالموں کے انعقاد کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور اداروں و شہریوں کے درمیان مثبت رابطے کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ سیکرٹری فیصل آباد پریس کلب شوکت علی وٹو نے کہا کہ ٹریفک سے متعلق عوامی شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے اور میڈیا اس حوالے سے مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کی آگاہی مہمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام شہریوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور شہریوں کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ شہر میں محفوظ، منظم اور بہتر ٹریفک نظام کو فروغ دیا جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے بتایا کہ میٹرو بس سروس کے روٹ کی تعمیر کے باعث متاثرہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ٹریفک قوانین سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے 900 سے زائد آگاہی سیمینارز منعقد کیے جا چکے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی بھرپور آگاہی مہم جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیورز کے لیے ٹریفک لائسنس کے اجرا کا عمل بھی جاری ہے تاکہ ٹریفک نظام کو مزید منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔سوال و جواب کے سیشن میں میڈیا کی جانب سے شہریوں کی شکایات اور ٹریفک وارڈنز کے رویے سے متعلق سوالات پر چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ میڈیا کی نشاندہی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ٹریفک وارڈن کے رویے سے متعلق شکایت موصول ہو تو اس کی مکمل جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور شکایت درست ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکار کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے اور ان کی تجاویز کو ترجیح دینا ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے، جس پر ہر صورت عمل کیا جاتا ہے۔ ۔تقریب میں نائب صدر سردار زاہد محمود ڈوگر، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، جوائنٹ سیکرٹری عدیل مان، چیف الیکشن کمشنر میاں بشیر احمد اعجاز، ایگزیکٹو ممبران ارشد انصاری، شاہد محمود، سید ذاکر حسین، رانا سجاد مصطفیٰ، ملک وحید سمیت پریس کلب کے دیگر عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔



