فیصل آباد: جھگی تعلیمی پروجیکٹ کے تحت یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) غیاث جھگی تعلیم فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جبکہ مبشر حسین چاند، حاجی محمد عابد، چیئرمین ایف سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک سمیت دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں جھگی تعلیمی پروجیکٹ سے وابستہ بچوں نے ملی نغموں، تقاریر اور خصوصی ٹیبلو پیش کیے۔ بچوں نے اپنے ٹیبلو کے ذریعے یومِ دفاع پاکستان، وطن سے محبت اور شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کیا، جسے شرکاء نے بھرپور سراہا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلو اور دیگر پروگرامز کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور مثبت سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے محروم طبقے کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ تعلیم ہی بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



