پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی آج ایسٹر کا تہوار منا رہے ہیں


فیصل آباد (94 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی آج ایسٹر کا تہوار منا رہے ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر تجدید اور اُمید کی علامت ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پیغام رحمت، انکساری اور محبت کا سرچشمہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی محنت، دیانت اور خدمات ہمارے لیے قابلِ فخر سرمایہ ہیں، یقین ہے مسیحی برادری پُرامن، خوشحال پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایسٹر امید کی علامت اور خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر مسیحی برادری کے لیے انعام ہے اور یہ مذہبی تہوار محبت و بھائی چارے کا پیغام ہے۔

پاکستان کی نامور سماجی شخصیات رومانہ بشیر چیف ایگزیکٹو پی ڈی ایف، عارف گل، میاں ندیم احمد صدر فیس فائونڈیشن و چئیرمین فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک، یوسف عدنان جنرل سیکرٹری ایف این این، لالہ روبن، فاروق ایوب، شاہد انور ایڈووکیٹ. نعمان یونس و دیگر نے بھی اپنے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ وطن عزیز سے مسیحی برادری کی محبت شک و شبہ سے بالاتر ہے، ہمیں بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کا عہد کرنا ہے۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ مسیحی برادری نے تحریکِ پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا اور آج مسیحی برادری ملکی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔




