یونانی میڈیکل کالج سلیمی گروپ فیصل آباد کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) الصحت یونانی میڈیکل کالج سلیمی گروپ فیصل آباد کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سال 2021 اور 2022 کے ڈپلومہ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں تقریب میں شعبہ طب یونانی سے وابستہ ممتاز شخصیات، اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر حکیم منصور عزیز، پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی صدر نیشنل کونسل فار طب، حکیم ملک ذوالفقار ممبر نیشنل کونسل فار طب، پروفیسر حکیم فرید یونس ممبر نیشنل کونسل فار طب جبکہ پروفیسر حکیم محمد شاہد محمود ناز پرنسپل الصحت یونانی میڈیکل کالج و ممبر نیشنل کونسل فار طب سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر حکیم محمد شاہد محمود ناز نے کہا کہ طب یونانی ایک قدیم اور مؤثر طریقہ علاج ہے جس کی اہمیت آج کے دور میں بھی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ طلبہ و طالبات کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم اور عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ مستقبل میں شعبہ صحت میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ ڈپلومہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے، اب ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے علم، محنت اور اخلاق کے ذریعے انسانیت کی خدمت کریں۔ طب کے شعبے میں کامیابی کے لیے مسلسل تحقیق، جدید علوم سے آگاہی اور مریضوں کے ساتھ حسن سلوک بنیادی اصول ہیں پروفیسر حکیم محمد شاہد محمود ناز نے مزید کہا کہ الصحت یونانی میڈیکل کالج کا مقصد طب یونانی کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو باصلاحیت حکیم اور ماہرین صحت بنانا ہے۔ انہوں نے نیشنل کونسل فار طب کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل کی رہنمائی سے طب یونانی کے تعلیمی معیار میں مزید بہتری آ رہی ہے۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی اور دیگر مقررین نے کامیاب طلبہ و طالبات میں ڈپلومہ جات تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
مقررین نے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل طلبہ و طالبات ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا جبکہ طلبہ و طالبات نے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔



