”آپ فی الفور وزیراعلیٰ کیمپ آفس خالی کردیں“عمران خان کا حکم
لاہور (94 نیوز )وزیراعظم عمران خان نے کچھ عرصہ سے چلتی ہوئی افواہوں کی کمر توڑتے ہوئے واضح الفاظ میں یہ کہا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل طورپر اعتماد کر تے ہیں اور وہ بہت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے عبدالعلیم خان کو فوری طور پر وزیراعلیٰ کا کیمپ آفس خالی کرنے کا حکم جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر 90 شاہراہ قاعداعظم پر واقع وزیراعلیٰ کیمپ آفس خالی کریں ، جو کہ وہ مبینہ طور پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے برابر میں چلا رہے ہیں ۔نجی ویب سائٹ نے وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اتوار کے روز عمران خان کو بتایا گیا کہ وزیر بلدیات عبدالعلیم خان مکمل طور پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ہیں اور وہ وزیراعلیٰ کیمپ آفس سے کام کر رہے ہیں ۔ یہ سہولت حمز شہبازشریف کے استعمال میں تھی جب شہبازشریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے ۔