بین الاقوامیقومی

پاکستانیوں کو بھارت چھوڑنے کی دی گئی مہلت ختم، واپس آنے والے پاکستانیوں کے اعداد وشمار جاری

لاہور(94 نیوز) بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کے لئے دی گئی مہلت ختم ہوگئی تاہم تین روز کے دوران 536 پاکستانی واپس آئے ہیں جبکہ پاکستان سے 849 بھارتی شہری اپنے ملک چلے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لانگ ٹرم ویزا رکھنے والے پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی واپسی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا، بارڈر کے دونوں جانب کئی خاندان اپنے گھروں میں واپسی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
گزشتہ تین روز میں مجموعی طور پر 536 پاکستانی بھارت سے واپس آئے ہیں جبکہ پاکستان سے 849 بھارتی واپس چلے گئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ایسے پاکستانی جن کی شادی بھارت میں ہوئی ہے یا وہ پاکستان چھوڑ گئے تھے اور ان دنوں واپس پاکستان آئے تھے یا پھر ایسے بھارتی شہری جن کی شادی پاکستان میں ہوئی ہے ، ان کے یہاں بچے ہیں اور وہ ان دنوں واپس بھارت اپنے خاندان سے ملنے یا کسی تقریب میں شرکت کے لئے گئے تھے ان کی واپسی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ ایسے بھارتی شہری جن کی شادی پاکستان میں ہوئی ہے اور وہ پاکستان میں رہتے ہیں، ان کے پاس پاکستان کا لانگ ٹرم ویزا ہے لیکن وہ ان دنوں انڈیا میں موجود تھے انہیں پاکستان واپسی کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنا چاہئے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ بھارت پر منحصر ہے کہ وہ بھارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو واپس پاکستان آنے کی اجازت دیتا ہے یا نہیں، اٹاری بارڈر میں کئی ایسی فیملیز خاص طور پر خواتین موجود ہیں جو خود تو بھارتی ہیں لیکن ان کے شوہر اور بچے پاکستانی ہیں۔ اسی طرح واہگہ بارڈر پر ایسی خواتین واپس بھارت جانے کی منتظر ہیں جن کے بچے اور شوہر انڈین ہیں لیکن وہ خود پاکستانی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button