قومی

جرنلسٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے قیام سے صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہوسکے گا، مظہر اقبال

ہاؤسنگ اسکیموں میں صحافیوں کا کوٹہ بحال کیا جائے، صدر پی ایف یو جے

اسلام آباد (94 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پروفیشنلز کے وفد نے صدر مظہر اقبال کی قیادت میں ملاقات کی اور پارلیمنٹ سے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔ پی ایف یو جے پروفیشنلز کے وفد کا کہنا تھا کہ اس بل کی منظوری اور جرنلسٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے قیام سے صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہوسکے گا۔
پی ایف یو جے پروفیشنلز کے صدر مظہر اقبال نے صحافیوں کی رہائشی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس معاملےمیں دلچسپی لیتے ہوئے مسائل کےحل کے حوالے سے پیشرفت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کی ہاؤسنگ اسکیموں میں صحافیوں کا کوٹہ بحال کیا جائے۔ جس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ وزارت اطلاعات و نشریات کی اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں موجود اراضی پر صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیم بنائی جا رہی ہے۔ جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ اس ہاؤسنگ اسکیم میں پلاٹ فراہم کئے جائیں گے،یہ اسکیم جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی۔ پی ایف یو جے پروفیشنلز کے وفد نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی اسکیموں میں صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے۔ جس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے حوالےسے قرض فراہم کرنے کے معاملے پر وہ گوررنر اسٹیٹ بینک سے بھی بات کریں گے۔

پی ایف یو جے پروفیشنلز کے صدر مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا جائے جس پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام صحافیوں کو صحت کارڈ جاری کیے جائیں گےاس سلسلے میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ہیلتھ کارڈ کے اجراء کیلئے جلد تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

ایکریڈیشن کارڈ کے اجراء کو آن لائن کیا جا رہا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ کے اجراء کے طریقہ کار کو سہل اور آن لائن کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن کے بل پر جلد صدر مملکت دستخط کردیں گے۔اس کے قانون بننے سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کے حوالے سے سہولت حاصل ہوگی اور ان کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جاسکے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button