قومی

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ چیف جسٹس آف پاکستان تعینات

اسلام آباد (94نیوز)چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کو چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کردیا گیا ہے ، جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان نے جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر تعینات کیا ہے ، وزارت قانون کے مطابق جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 18جنوری کو چیف جسٹس آف پاکستان کاعہدہ سنبھالیں گے۔

صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کی منظوری دیدی ہے ۔

واضح رہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے ذمے تمام کرمنل کیسز نمٹا دئیے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پچھلے 4 سالوں میں 11ہزار کیسز کا فیصلہ سنایا۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں ہزاروں آئینی، مجرمانہ، سول، سروس اور آمدنی کے کیسز کو دیکھا۔

واضح رہے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کئی تاریخی فیصلے سنائے۔ قصور میں قتل ہونے والی بچی زینب کیس میں ملزم عمران علی کو سزا ہوئی تو عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل کا فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سنایا اور جسے مسترد کر کے عمران علی کی سزائے موت کو بحال رکھا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کیس پانامہ کیس کا فیصلہ سنا یا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیر اعظم کو نااہل قرا ر دینے کی سفارش کی تھی۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ جسٹس گلزار اور جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کا نوٹ لکھا۔سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی جانب سے پیش کیے جانے والے قطری خط کو بھی مسترد کر دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button