National

Resolving the problems of the citizens is a top priority, Mohammad Asif Chaudhry Director General FDA

Faisalabad(94 News City Reporter) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کرنا اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں اوپن ڈور پالیسی پر عمل پیرا ہیں کوئی بھی متاثرہ درخواست گزار دفتری اوقات میں ان سے بلا روک مل سکتا ہے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں مختلف درخواست گزاروں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن شبیر ساجد گجر اور مختلف شعبوں کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے محکمانہ سروسز کے بار ے میں لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے متعلقہ شعبوں کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو جدید مہارتوں سے ہمکنار کیاجا رہا ہے تاکہ درخواست گزاروں کو کم ازکم وقت میں ریلیف فراہم کیاجاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیدادوں کے اونرشپ سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ ٹائون پلاننگ رپورٹ بلاتاخیر جاری کرنے کے لئے بھی سسٹم تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بعض شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سروسز ڈیلیوری میں کوئی رکاوٹ، بد نیتی یا بےجا تاخیر برداشت نہیں کریں گے اس ضمن میں کسی کو کوئی شکایت ہو تو وہ بلاجھجھک ان سے رابطہ کرسکتاہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی جاری ہے اور اس سسٹم کے ذریعے موصول ہونیوالی درخواستوں کوٹائم لائن کے مطابق نمٹانے میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں کو جواب دہ ہونا پڑتا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو نشان زدہ تجاوزات کے خاتمے، غیرقانونی تعمیرات، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن کونتیجہ خیز بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ کسی بھی درخواست گزار کی شکایت کا فوری نوٹس لیکر اس کی اطمینان بخش انداز میں داد رسی کریں اور متعلقہ سٹاف کی باز پرس اور قصورواروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں تاکہ مختلف شعبوں کی کارکردگی کو شکایت فری بنانے کے مشن میں کوئی رخنہ اندازی نہ ہو۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button