عید میلاد النبی ﷺ؛ رحمت، محبت، اخوت اور انسانیت کا عالمگیر پیغام ہے، طلحہ سلیم ایڈووکیٹ


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری فیصل آباد طلحہ سلیم ایڈووکیٹ نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت کا مظہر ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ محبت، امن، برداشت، عدل، مساوات، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا عالمگیر درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانے کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی عملی زندگی کو سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے سانچے میں ڈھالیں اور معاشرے میں محبت، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔ حضور اکرم ﷺ نے انسانوں کو رنگ، نسل، زبان اور طبقاتی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے اور مظلوم و کمزور کا سہارا بننے کی تعلیم دی طلحہ سلیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، اتفاق، علم، کردار اور سیرتِ نبوی ﷺ سے وابستگی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کو صرف ایک مذہبی تہوار تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس موقع پر عہد کریں کہ ہم اپنے معاشرے میں امن و محبت کے فروغ، مستحق افراد کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کا تصور ہمیں عدل و انصاف، مساوات، فلاحِ عامہ اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عملی راستہ دکھاتا ہے۔ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار کے ساتھ ساتھ سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے سنہری اصولوں سے بھی رہنمائی حاصل کرنا ہوگی انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز پاکستان کو امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے، امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق نصیب کرے اور ہمیں عشقِ رسول ﷺ کو اپنے کردار اور عمل میں ظاہر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔



