پاکستان میں گزشتہ 3 سال کے دوران 13 ہزار 922 اسلحہ لائسنس جاری ہونے کا انکشاف


اسلام آباد (94 نیوز) وزارت داخلہ کی رپورٹ میں گزشتہ 3 سال کے دوران 13 ہزار 922 اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا انکشاف سامنے آیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ نے ملک بھر میں جاری ہونے والے ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنسوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 13 ہزار 922 اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ان میں عام یا غیر ممنوعہ بور کے لائسنسوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد رہی، جبکہ حساس نوعیت کے 2 ہزار 770 ممنوعہ بور کے لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
سالانہ اعداد و شمار کے حوالے سے پیش کی گئی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ لائسنسوں کے اجراء کا یہ سلسلہ متواتر جاری رہا، جس کے تحت سال 2024 میں 3 ہزار 151 اور سال 2025 میں 3 ہزار 125 اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے۔وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کردہ اس رپورٹ پر ایوان میں مختلف زاویوں سے بحث بھی کی گئی۔



