فیصل آباد میں میٹرو بس کی جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے، آصف چوہدری


لاہور (94 نیوز) حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کو اندرون شہر آرام دہ اور باکفایت اربن ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت فیصل آباد شہر میں میٹرو بس سروس سسٹم کے آغاز کی جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اس سلسلے میں شعبہ اربن ٹرانسپورٹ کے ملکی و غیر ملکی ماہرین سے مشاورت سمیت تمام تر انتظامی و تکینکی پہلوئوں کے بارے میں سٹڈی کے علاوہ اربن ٹرانسپورٹ کے مقامی تقاضوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے پیش نظر ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے زیر اہتمام فیصل آباد میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی )کے تحت میٹرو بس سروس کے منصوبے کیلئے سوچی گئی ڈیزائنگ کا جائز ہ لینے کے بارے میں ایک روزہ ورکشاپ لاہور میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان مہمان خصوصی تھے جس میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری اور چیف انجینئر مہرایوب نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں ڈپٹی سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب سلمان مجید، ڈاکٹر وسیم، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے افسران حنا جمیل، محمد سلیم اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ڈائریکٹر آپریشن شاہد محمود سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے ٹرانسپورٹ سپیشلسٹس حامد خان ، حسین حیدر ، ہما ڈاہا, کنسلٹینٹس اشعر لودھی، مسٹر مبشر و دیگر نے بین الاقوامی معیار کے مطابق میٹرو بس سروس سسٹم کے انتظامی و تکینکی تقاضوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے بارے میں شہری سروے اور سٹڈی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی ضرورتوں کے مطابق شہریوں کو جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی کیلئے ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے میٹروبس سروس کے آغاز کیلئے منصوبہ سازی کو آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ورکشاپ کے دوران منصوبے کیلئے ترتیب دی گئی ڈائزئینگ اور فیڈر روٹ سسٹم کے مختلف پہلوئوں اور منصوبے کے قابل عمل آپریشن کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خاں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صوبے کے بڑے شہروں میں عوام کو باوقار اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اس سلسلے میں فیصل آباد میں میٹرو بس سروس سسٹم کے آغاز کیلئے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے متعدد اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ اس شعبے کو پائیدار و مستقبل بنیادوں پر منظم اور جامع بنایا جا سکے ۔انہوں نے ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کی انتظامیہ اور ماہرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی کے تحت میٹرو بس سروس سسٹم کی ترویح وترقی کیلئے ان کی معاونت قابل قدر ہے۔ ورکشاپ کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمدآصف چوہدری نے میٹرو بس سروس کے حوالے سے ایف ڈی اے کی طرف سے مختلف سروے اور ابتدائی منصوبہ سازی کے مختلف جزئیات سے آگاہ کیا اور کہا کہ میٹرو بس سروس کیلئے مختلف روٹس تجویز کئے گئے ہیں تاکہ شہر بھر میں ہرشہری کو اس سہولت تک رسائی حاصل ہو۔



