ڈی جی ایف ڈی اے نے نیلامی کے عمل کو شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق بنانے کی ہدایت کردی


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چوہدری نے جمعرات 15 اکتوبر کو منعقد ہونے والی مختلف کمرشل پلاٹس اور دیگر جائیدادوں کی نیلامی کے عمل کو ہر لحاظ سے شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیلام عام کی کارروائی کی نگرانی آکشن کمیٹی کرے گی جبکہ تمام مراحل مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے نیلام عام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو انتظامی امور، شرکاء کے لئے سہولیات، نیلامی کے طریقہ کار اور دیگر ضروری اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I جنید حسن منج نے ڈی جی ایف ڈی اے کو نیلام عام کے ذریعے فروخت کے لئے منتخب کئے گئے ایف ڈی اے کے ملکیتی پلاٹس، ان کے محل وقوع، رقبہ، متوقع قدر و قیمت، نیلامی کی شرائط اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ نیلام عام میں احمد نگر کی 99 محلہ شاپس، کمرشل سنٹر کی 46 دکانیں، ملت ٹاؤن اے بلاک کی 23 محلہ شاپس اور کمرشل سنٹر کی 13 دکانیں جبکہ علامہ اقبال کالونی سی بلاک کی 2 دکانیں فروخت کے لئے پیش کی جائیں گی۔ اسی طرح 212 سر سید ٹاؤن III میں تقریباً 14 مرلہ رقبہ پر مشتمل کمرشل پلاٹ اور مدینہ ٹاؤن ایکسٹینشن میں 4 مرلہ کمرشل پلاٹ نمبر 27 بھی نیلامی کا حصہ ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاکی اسٹیڈیم سے ملحقہ 9.43 کنال اور 3.2 کنال رقبہ کے دو پلاٹس 19 سالہ لیز پر دینے کے لئے نیلام کئے جائیں گے، جبکہ گلستان پلازا ملت روڈ کے مختلف فلورز پر واقع دکانیں بھی کرایہ پر دینے کے لئے نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔ مزید برآں مختلف علاقوں میں قائم 110 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں اور 16 ایف ڈی اے کے زیرِکنٹرول رہائشی کالونیوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کے لئے مختص مختلف رقبہ جات پر مشتمل پلاٹس بھی نیلام عام کے ذریعے پیش کئے جائیں گے، تاکہ ان مقامات پر عوامی ضروریات سے متعلق سہولیات کے قیام کو فروغ دیا جا سکے۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I نے بتایا کہ نیلام عام کے شیڈول اور مختلف پلاٹس کی تفصیلات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لئے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں اہم شاہراہوں پر سٹیمرز آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ نمایاں مقامات پر بل بورڈز بھی نصب کر دئیے گئے ہیں، تاکہ ممکنہ خریداروں اور سرمایہ کاروں کو نیلامی کے حوالے سے بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے تمام انتظامات کو شفافیت کے تقاضوں کے مطابق مکمل کرنے اور نیلامی میں حصہ لینے والے افراد کو طریقہ کار، شرائط و ضوابط اور متعلقہ جائیدادوں کی مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی بھی مرحلے پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے کی ملکیتی جائیدادوں کی نیلامی کا مقصد ادارے کے وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا اور آمدن میں اضافہ کرنا ہے، لہٰذا نیلامی کے عمل میں مکمل شفافیت، غیر جانب داری اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔//۔۔۔۔۔۔۔۔۔



