پریس کلب کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، کلب کی عمارت کی تزئین وبحالی کی بھرپورمعاونت کریں گے، ڈی سی


فیصل آباد(94 نیوز) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے صحافی برادری کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے گا اس ضمن میں فیصل آباد پریس کلب کی عمارت کی تزئین وبحالی کے لئے اقدامات میں بھر پور معاونت کریں گے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر نے گروپ لیڈر فیصل آباد پریس کلب شاہد علی کی قیادت میں پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہی۔
صدر پریس کلب چوہدری عبدالرحمن گجر،سیکرٹری میاں کاشف فرید،سینئر نائب صدر شوکت وٹو، سابق سیکرٹری عزادار حسین، نائب صدر محمد کاشف، فنانس سیکرٹری محسن فاروق، جوائنٹ سیکرٹری محمد طاہراور دیگر ارکان موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے پریس کلب کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم، صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل اور تعمیر و ترقی کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے تعاون اور نشاندہی سے انتظامی امور میں بہتری لانے اور محکمانہ سروسز کی اصلاح میں مدد ملتی ہے لہذا صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقد ا ما ت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس سلسلے میں عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق حکومتی پالیسیوں اور ترقیاتی پروگرام پرپر عزم انداز میں عملدرآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے شہری ترقی اور عوام کو جدید شہری سہولتوں کی فراہمی کے لئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے صحافی برادری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پریس کلب کا دورہ بھی کریں گے۔اس موقع پرشاہد علی،عبدالرحمن گجر،کاشف فرید،شوکت وٹو و دیگر نے ڈپٹی کمشنر کوتعیناتی اور گریڈ 19 میں ترقی ملنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے پریس کلب میں ممبران کے لئے دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا اور پریس کلب کی ترقی وصحافی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے بعض عوامی مسائل کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر کی طرف سے فوری ایکشن لینے پر ان کا شکریہ اداکیا۔



