قومی

واسا کی ملازمین خواتین کے بچوں کے لئے ڈے کئیر سنٹر کا افتتاح کردیا گیا

فیصل آباد(94 نیوز) محکمہ واسا فیصل آباد میں ملازمین خواتین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈے کئیر سنٹر فنکشنل کردیا گیا جس کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں محترمہ آشفہ ریاض فتیانہ نے کیا۔ جبکہ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی اور ایف ڈی اے کے چیئرمین لطیف نذر،وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید، سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ عنبرین رضا، ڈائریکٹر وویمن ڈویلپمنٹ سجیلہ نوید، مینجنگ ڈائریکٹر واسا جبارانور چوہدری و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر آشفہ ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈے کئیر سینٹرز کے قیام کا منصوبہ پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے اور گزشتہ 2 سالوں کے دوران سرکاری محکموں میں 100 سے زائدڈے کئیر سینٹر کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جس میں سرکاری محکموں کی افسران اور ملازمین خواتین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے تمام بنیاد ی اور معیاری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈے کئیر سینٹرز میں بچوں کو رکھنے سے خواتین اپنے دفتری امور پر فوکس رکھتی ہیں کیونکہ انہیں مکمل اطمینان ہوتا ہے کہ ان کے بچے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے جو بھی اقدامات شروع کئے گئے فیصل آباد میں ان کو بہت اچھا رسپانس دیا گیا۔انہوں نے محکمہ واسا کے ڈے کئیر سینٹر کو اے کیٹیگری کا درجہ بھی دیا۔محترمہ آشفہ ریاض نے واضح کیا کہ فیصل آباد میں خواتین کی بڑی تعداد ملازمت پیشہ اور یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کررہی ہیں جو اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی کررہی ہیں اس لئے فیصل آبادکی بزنس کمیونٹی کو ان خواتین کو ٹرانسپورٹیشن اور فنی تعلیم کے ساتھ انہیں دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔صوبائی وزیر نے محکمہ واسا کے ڈے کئیر سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد اس کے مختلف حصوں جن میں بچوں کے سونے کے لئے بیڈز،پلے لینڈ، الیکٹرک جھولے ودیگر شامل تھے کا بھی جائزہ لیا اورانہیں خوب سراہا۔ایف ڈی اے کے چیئرمین اوررکن پنجاب اسمبلی چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ محکمہ واسا کے ڈے کئیر سینٹر میں بچوں کی دیکھ بھال کے لئے تمام معیاری سہولیات دستیاب ہیں اور ملازمین خواتین اپنے بچوں کو محفوظ ہاتھوں میں چھوڑ کر جب اپنی ڈیوٹی پر جائیں گی تو وہ دلجمعی سے کام کریں گے اور یہی اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہے جو خواتین کے لئے زبردست پراجیکٹ ہے جسے بتدریج کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین جب اپنے بچوں کو گھروں میں چھوڑ کر کام پر آئیں گی تو ان کی توجہ اپنے بچوں پر مرکوز رہتی لیکن پنجاب حکومت کے انقلابی پروگرام ڈے کئیر سینٹر کے قیام سے کمسن بچوں کی دیکھ بھال کا بڑا کام انجام دیا جارہا ہے جس سے خواتین مطمئن اوران کے کمسن بچے محفوظ ہاتھوں میں ہوتے ہیں اور پنجاب حکومت ڈے کئیر سینٹرز کے قیام کے پروگرام کو تمام اضلاع میں توسیع دے رہی ہے۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا جبار انور چوہدری نے صوبائی وزیر محترمہ آشفہ ریاض کو ڈے کئیر سینٹر بارے بریفنگ دی اور پنجاب حکومت کے اس انقلابی پروگرام کو کامیاب کروانے پر انہیں مبارکباد دی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button