Issues related to FDA should be resolved immediately, Asif Chaudhry


Faisalabad(94 News City Reporter) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ شکایات کے فوری ازالہ پر توجہ نہ دینے والے سٹاف کا سخت محاسبہ ہوگا۔ انہوں نے مختلف فورمز کے ذریعے یا براہ راست موصول ہونے والی بعض شکایات کے التواء کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مختلف شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ عوامی شکایات کو تیزی سے نمٹانے کے عمل کی مکمل نگرانی کریں اور کسی بھی شکایت پر محکمانہ ردعمل میں لمحہ بھر بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل پر کان نہ دھرنے والے سٹاف کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کا حکم دیا اور کہا کے فرائض کی بجاآوری میں سستی،کاہلی یا عدم توجہی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد ہو گا۔ انہوں نے چیف منسٹر کمپلینٹ سیل سے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایف ڈی اے سے متعلقہ مسائل کو فی الفور حل کیا جائے جبکہ غیر متعلقہ شکایات کے بارے میں رپورٹس کی فراہمی میں تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات، بلا منظوری کمرشلائزیشن اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق شکایات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے انفورسمنٹ ٹیموں کو ہمہ وقت تیار رکھنے کا حکم دیا اور کہا شکایت کنندہ کی اطمینان بخش طریقے سے داد رسی ہونی چاہیے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی کو عوامی توقعات کے عین مطابق بنانے پر زور دیا اور کہا محکمانہ امور سے متعلق درخواستوں پر تیزرفتار محکمانہ کارروائی کرکے مستعد سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو کمپلینٹ فری بنانا اہم ترین مشن ہے تاکہ ادارہ پر عوامی اعتماد مضبوط ہو اور عوامی ریلیف کی تیز رفتار فراہمی کے سلسلے میں حکومتی ترجیحات اور مقاصد کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔



