National

آئندہ سال فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا ایک سیشن یا مشاعرہ باغ جناح میں منعقد کیا جائے گا، کمشنر

Faisalabad(94 News City Reporter) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا ایک سیشن یا مشاعرہ باغ جناح میں قائم پاکستان کے پہلے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ میں ٹرانسپلانٹ کئے گئے درختوں کے سایہ تلے منعقد کیا جائے گا تاکہ ادب، ثقافت اور ماحول دوستی کو ایک خوبصورت انداز میں یکجا کیا جا سکے۔انہوں نے یہ اعلان فیصل آباد لٹریری فیسٹیول میں شرکت کے لئے شہر آئے ہوئے نامور شعراء اور ادباء کو باغ جناح میں قائم ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا جو کمشنر کی دعوت پر ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کا دورہ کررہے تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر کشور ناہید، ڈاکٹر اصغر ندیم سید، عباس تابش، انجم سلیمی اور عدنان بیگ نے آرچرڈ کا دورہ کیا اور وہاں پودے بھی لگائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، ڈائریکٹر آرٹس کونسل عمران رضا اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے نامور شعراء و ادباء کی باغ جناح آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ اور ہماری آنے والی نسلوں کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں۔ پرانے اور سایہ دار درختوں کا تحفظ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں میٹرو بس پراجیکٹ کی زد میں آنے والے805 درختوں کو باغ جناح، دھوبی گھاٹ گراؤنڈ اور کلیم شہید پارک سمیت تین مقامات پر کامیابی سے منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حفاظت، دیکھ بھال اور افزائش کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول ایک اہم ادبی و ثقافتی سرگرمی ہے اور اس کا ایک سیشن ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ میں منعقد کرنے کا مقصد ادب کے ذریعے ماحول دوستی، شجرکاری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کا پیغام عام کرنا ہے۔ درختوں کے سرسبز ماحول میں ادبی نشست اور مشاعرہ شہر کے ثقافتی تشخص کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ایک منفرد اور یادگار تجربہ بھی ثابت ہوگا۔ نامور شعراء و ادباء ڈاکٹر کشور ناہید، ڈاکٹر اصغر ندیم سید، عباس تابش، عدنان بیگ اور انجم سلیمی نے پاکستان کے پہلے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے قیام پر کمشنر فیصل آباد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس اقدام کو ماحول دوست سوچ، عملی خدمت اور شہر کے مستقبل کے لئے قابلِ تحسین کوشش قرار دیا۔انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ فیصل آباد میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ماحولیات کے تحفظ کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بزرگوں کی روایت ہے کہ جہاں درخت نہیں ہوتے وہاں بارشیں بھی کم ہوتی ہیں جبکہ درختوں کا تحفظ دراصل انسانیت اور زندگی کا تحفظ ہے۔ درخت ہمیں صبر، استقامت اور ایثار کا درس دیتے ہیں، خود دھوپ برداشت کرکے دوسروں کو سایہ فراہم کرتے ہیں اور خاموشی سے خیر تقسیم کرنے والے صوفیوں کی مانند ہیں۔ شعراء و ادباء نے فیصل آباد لٹریری فیسٹیول میں شریک تمام اہل قلم کی جانب سے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے دورے کی دعوت دینے پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان نے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے قیام کے اغراض و مقاصد، درختوں کی منتقلی کے طریقہ کار، ان کی ٹریٹمنٹ، نگہداشت اور نشوونما کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button