قومی

قبائلی علاقوں میں انتخابات جولائی میں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(94 نیوز)قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے پہلے انتخابات جولائی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ فاٹا کی سولہ نشستوں پر انتخابات جولائی کے وسط تک متوقع ہیں۔ انتخابات کا شیڈول جون میں جاری کردیا جائے گا۔ انضمام کے بعد پہلی مرتبہ قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی مل سکے گی۔

ادھر الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے آئینی مدت بھی آج ختم ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے 2 نئے ممبران کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی غیر سنجیدگی واضح ہے۔ فاٹاانتخابات، بلوچستان بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر اہم معاملات بلوچستان اور سندھ کے ممبران کی مشاورت کے بغیر جاری ہیں۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے مابین مشاورت نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ہوا تھا۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج شام کو ہوگا جس میں نئے ممبران کی تقرری پر مشاورت کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے بھی حکومت سے کمیشن ممبران کی جلد تقرری کیلئے درخواست کی ہے۔الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی مدت ملازمت 26 جنوری کو ختم ہورہی تھی۔ آئین کے مطابق مدت پوری ہونے کے 45 دن میں ممبران کی تقرری کرنا لازم ہے۔وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان رابطہ نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری نہیں ہوسکی

اسی سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی اور ممبران کا تقرر نہ ہونے کے باعث پیدا ہونے والی قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button