National

Announcing the provision of property rights to the residents of slums of Faisalabad

Faisalabad(94news) حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ایف ڈی اے کی طرف سے 2011کے سروے میں شامل 9مختلف کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کا اعلان کیاگیاہے اس سلسلے میں ان کچی آبادیوں کے مکینوں سے کہاگیا ہے کہ وہ فوری طور پر رابطہ کرکے درخواست گزاریں اور طے شدہ واجبات جمع کرا کر مالکانہ حقوق حاصل کریں بصورت دیگر پالیسی میں تبدیلی کی صورت میں انہیں پریشانی کا سامنا کرناپڑے گا لہٰذا موجودہ پالیسی سے فائدہ اٹھانے کا سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی چھتوں کے مالک بن سکتے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر (کچی آبادی شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ i )ایف ڈی اے میاں محمد اشرف نے بتایاکہ 2011میں ہونیوالے سروے میں شامل کچی آبادیوں کا فروری 2013میں نوٹیفکیشن جاری کیاگیا تھا جن میں کچی آبادی عوامی کالونی نزد طارق روڈ کے 45رہائشی یونٹس ، نئی کچی آبادی ملکھانوالہ کے356یونٹس، کچی آبادی چنگڑ محلہ سرگودھا روڈ کے 30یونٹس، نئی اضافی کچی آبادی علی ٹائون سرگودھاروڈ کے 23یونٹس، کچی آبادی عثمان آباد نز د ڈھڈی والا کے بائیس یونٹس، کچی آبادی سلطان پورہ نزد مائی دی جھگی کے 79یونٹس ، نئی کچی آبادی مائی دی جھگی کے 928یونٹس ، نئی کچی آبادی بولے دی جھگی کے 527یونٹس اور کچی آبادی بستی آرائیاں جھنگ روڈ کے 119رہائشی یونٹس شامل ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کیلئے پانچ مرلہ تک اراضی کی قیمت موجودہ ڈی سی ریٹ کا دو فیصدفی مرلہ مقرر کیاگیاہے جبکہ پانچ مرلہ سے زائد اراضی کی قیمت موجودہ ڈی سی ریٹ کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے کی طرف سے ان کچی آبادیوں کے مکینوں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ مالکانہ حقوق آسان انداز میں فراہم کئے جاسکیں ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مالکانہ حقوق کے حصول کا یہ بہت اچھا موقع ہے قبل اس کے اس پالیسی میں ردوبدل ہوجائے اور ان کچی آبادیوں کے مکینوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button