قومی

میونسپل چارجز بجلی کے بلوں میں وصولی کی قرارداد منظور

کراچی (94 نیوز) سٹی کونسل کراچی میں میونسپل چارجز بجلی کے بلوں میں وصولی کی قرارداد منظور  کرلی گئی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب  کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان  کردیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت سٹی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں میونسپل چارجز بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کرنے کی قرارداد پیش کی گئی تو اپوزیشن ارکان نے اعتراض کیا،

سٹی کونسل کے اجلاس کے دوران صورتحال اس  وقت خراب ہوئی جب تحریک انصاف کے منحرف رکن اسد امان نے کونسل میں اپنے خیالات کا اظہار کرنا شروع  کیا، ساتھ ہی  پی ٹی آئی کے  دوسرے گروپ نے شدید نعرے بازی شروع کردی جس کاجماعت اسلامی کے ممبران نے بھی ساتھ دیا۔ شدید نعرے  بازی میں  کان پڑی آواز سنائی نہیں  دے رہی تھی، اسی دوران دونوں گروپ  کےا راکین ایک دوسرے کے سامنے آگئے اور دھکم پیل شروع ہوگئی تاہم صورتحال کشیدہ ہونے پر جماعت  اسلامی اور پیپلزپارٹی کے ممبران نے مداخلت کرکے صورتحال کو قابو کیا۔

واضح رہے کہ سٹی کونسل میں پی ٹی آئی کا ایک گروپ  جسے اسد امان لیڈ کررہے ہیں وہ پیپلزپارٹی کی حمایت کررہا ہے، جبکہ مبشر کی قیادت میں دوسرا گروپ  جماعت اسلامی کا حامی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سٹی کونسل کے اجلاس کو چلانے کی پوری کوشش کی لیکن پیپلز پارٹی کے قبضہ میئر کا رویہ قوم کے سامنے ہے، انہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجیں گے۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللّٰہ مراد نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جماعت اسلامی عدم اعتماد لے کر آئے، مقابلہ کریں گے۔

ایوان نے بلدیاتی ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کیلئے سندھ حکومت سے ساڑھے 11 ارب روپے بیل آؤٹ پیکج دینے اور فی یو سی 3 کروڑ روپے دینے کی قراردادیں کثرت رائے سے منظور کرلیں جبکہ کے ایم سی کی دکانوں کا کرایہ 75 فیصد بڑھانے کے خلاف اپوزیشن کی قرارداد کثرت رائے سے مسترد کردی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button