تقریبات/سیمینارز

بھوک سے زائداور بے وقت خوراک کا استعمال بیماریوں میں اضافے کا باعث ہے، ڈاکٹر نزہت ہما

فیصل آباد(94نیوز) خوراک کا اعتدال کے ساتھ استعمال بے شمار بیماریوں سے حفاظت، ناشتہ بھر پور صحت کا ضامن، پیٹ بھر کراور بے وقت خوراک کا استعمال ہی بیماریوں میں اضافے کا باعث ہیں، یہ بات پروفیسر ڈاکٹر نزہت ہما، ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈٹیکنالوجی نے نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس کی صدارت سوسائٹی کے سرپرست حاجی بلال نور انصاری نے کی،پروفیسر ڈاکٹر نزہت ہما نے کہا کہ پہلے زمانہ میں ہر شخص ضرورت کے مطابق خوراک کا استعمال کرتا تھا، سادہ زندگی تھی،خوراک میں اتنے تکلفات نہیں ہوتے تھے، اب جس قدر زیادہ کھانے کے لیے دسترخوان مزین کیے جاتے ہیں اسی قدر معاشرے میں زیادہ اور بے وقت خوراک کے استعمال سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں، بلڈ پریشر، شوگر، ہارٹ اٹیک، جلد اور معدہ کی بیماریاں یہ سب خوراک کے زیادہ استعمال کی بدولت ہوتی ہیں،ہر فرد اگر آج بھی سادگی اور اعتدال کا راستہ اختیار کریں، تو معاشرے میں بہت ساری بیماریاں از خود ختم ہو سکتی ہیں،دور جدید میں خوراک کوبہتر سے بہتر اندازمیں جاننے کا علم ہر شخص کو ہونا چاہیے،بازاری کھانے ظاہر میں تو مزے دار ہوتے ہیں مگر ان میں صحت کے حوالے سے فائدے کی بجائے بگاڑ زیادہ ہوتا ہے،کھلے عام خوراک فروخت کرنے والے عوام کی صحت کی بحالی نہیں بلکہ ا نہیں کھلا رہے ہیں،جس قدر بھی ہم بازاری خوراک سے پرہیز کریں گے اسی قدر ہماری صحت اچھی رہے گی، ہر شخص سبزیوں اور پھلوں کا استعمال لازمی کرے، سبزیوں اور پھلوں میں خالق کائنات نے انسان کی صحت کے لیے ہرقسم کے ضروری اجزا جمع فرما دیے ہیں، یہ اجزا نہ صرف انسان کو تندرست ہی نہیں رکھتے بلکہ بے شمار بیماریوں سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے ضرورت کے وقت بھوک رکھ کر کھانا کھائیں،آج دیکھا گیاہے کہ فیشن کے طور پر ہماری خواتین صبح کا ناشتہ نہیں کرتیں اگر کرتی بھی ہیں تو بہت دیر کے بعد کرتی ہیں، اسی طرح دوپہر کو زیادہ کھانا اور رات کو سونے سے پہلے کھانا یہ سب انسانی صحت کے ساتھ ظلم اور معا لجین کی کمائی میں اضافہ کا ذریعہ ہیں، اگر ہم صبح جلدی ناشتہ اور رات کو زیادہ سے زیادہ نماز مغرب کے بعد کھانا کھائیں توانسان کبھی بھی بیمار نہیں ہوتا، جب ہم رات کا کھانا دیر سے کھا کر سوئیں گے تو پھر اس سے جسم میں بیماریوں نے ہی جنم لینا ہے۔سرپرست حاجی بلال نور انصاری نے کہا کہ ادارے میں ہنر مندی کے لیے آنے والی طالبات کے لیے فلاحی خدمات ایک عرصہ سے جاری ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ ان کی خدمت کرتے رہیں، اس قسم کے معلوماتی پروگرام ان کی تربیت کے لیے ادرے میں کرائے جاتے ہیں، جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ ادارے کی کوشش ہے کہ ادارے میں جو طالبات بھی ہنر مندی کے لیے تشریف لاتی ہیں انہیں ہنر مندی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں درپیش دیگر مسائل سے آگاہی بھی دلائی جاتی رہے تاکہ طالبات احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔ ادارے کی خوش قسمتی ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر نزہت ہما جن کی فوڈ سائنس کے حوالے سے خدمات کا ایک زمانہ معترف ہے جن کے اس وقت سینکڑوں شاگرد پاکستان بھر کے زرعی اور تحقیقاتی اداروں میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں ان کی بتائی ہوئی روشن باتیں زندگی بھر طالبات کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔تقریب سے مس حافظہ صبا امین،یاسمین حمید، روبینہ منیر اور شمیم اختر نے بھی خطاب کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button