فیصل آباد: کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا ڈسٹرکٹ بار کا دورہ


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے ہمراہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر ڈسٹرکٹ بار کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جنیجو،اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹرذیشان احمد اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں طارق محمود،نائب صدر رانا راشد علی خاں سیکرٹری بار کلیم اللہ گل، جوائنٹ سیکرٹری ملک ساجد شکیل اور ایگزیکٹو ممبران موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارایسوسی ایشن میں آنا باعث اعزاز ہے اور انتظامیہ وکلاء برادری کی خدمات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ کا اہم کردار ہے جو ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں۔کمشنر نے وکلا برداری کی نشاندہی پر ضلع کچہری میں اضافی سٹریٹ لائٹس لگوانے کی یقین دہانی کرائی اور اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے نائب صدر بار ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر کہا کہ پنجاب سروس ٹریبول کے کیسز کی سماعت کے لئے ممبر ٹریبول کو کمشنر آفس میں دفتر الاٹ کیا جائے گا تاکہ فیصل آباد ڈویژن کے درخواست گزار سرکاری ملازمین مقامی سطح پر اپنی اپیل دائر کرسکیں۔انہوں نے ضلع کچہری میں بارشی پانی کے حفاظت کے لئے زیر زمین تالاب بنوانے کا اعلان کیااور کہا کہ اس ضمن میں این جی او کو ٹاسک دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے زیر اہتمام شہر میں 4 پونڈز بنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک سکولوں میں سکالرشپ پروگرام لانچ کیا جارہا ہے جس کی بدولت بار ایسوسی ایشن کے ممبران کے پبلک سکولوں میں زیر تعلیم ذہین بچوں کو بھی سہولت ملے گی۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ ڈویژن بھر میں پراپرٹی رائٹس کے زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس میں ممبر شپ کے لئے بار ایسوسی ایشن کے ارکان بھی درخواست جمع کرائیں جنہیں صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی مرمت و بحالی ڈیڈ لائن سے پہلے مکمل کردی گئی ہے جہاں جلد لین مارکنگ کا کام بھی مکمل ہوجائے گا۔علاوہ ازیں جی سی ویمن یونیورسٹی سے جڑانوالہ روڈ تک سڑک پر اسفالٹ بچھانے کا کام دو ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس روڈ پر سیور لائن ڈال دی گئی جس کے بعد اسفالٹ سے قبل سڑک کی پائیداری قائم رکھنے کے لئے 3 بار لیکج ٹیسٹ کرایا گیا اور آخری ٹیسٹ کچھ روز قبل کلیئر ہوگیا ہے۔انہوں نے بار ممبران سے کہا کہ وہ تجاویز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں،انتظامیہ ان پر عملدرآمد کراکر عوامی مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔انہوں نے ڈویژنل ریونیو کورٹ کمپلیکس کے قیام اور آئندہ سماعت آن لائن کرنے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔کمشنر نے کہا کہ شہری و دیہی علاقوں کے مکینوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور یہ ذمہ داری احسن انداز میں انجام دینے میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور اہلیان فیصل آبادکو ان کے ضلع میں تعمیر و ترقی کے کام ہوتے نظر آئیں گے۔صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے دورہ کرنے پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ مظلوم کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔انہوں نے بعض تجاویز اور مسائل کے حل میں گہری دلچسپی پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ اداکیا۔بعدازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے قرآن مجید کلاس کا دورہ بھی کیا جبکہ ڈسٹرکٹ بار کے مختلف شعبے دیکھے۔سابق ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری عبدالسلام بھی موجود تھے۔
۔۔۔///۔۔۔



