فیصل آباد: مریم نواز بارے نازیبا گفتگو کی ویڈیو وائرل کرنیوالے 3 ٹک ٹاکرز گرفتار، پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بارے میں سوشل میڈیا پر نازیبا گفتگو کی ویڈیو وائرل کرنے والے 3 ٹک ٹاکرز کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے) نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو وائرل کرنے والے 3 ٹک ٹاکرز کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ سرگودھا کے علاقے چک 37 ایس بی کے رہائشی ٹک ٹاکرز احد عباس، بدر زمان اور قاسم علی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے نازیبا گفتگو کی ویڈیو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی تھی۔
ملزمان جنرل بس اسٹینڈ فیصل آباد میں موجود تھے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سب انسپکٹر عامر سلطان نے مخبری پر ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر تینوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت3 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔



