Faisalabad: Conducting orientation session for new students in GC University


Faisalabad (94 News City Reporter) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں نئے داخل ہونے والے بی ایس طلبہ کے لیے قائداعظم آڈیٹوریم، نیو کیمپس میں اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، قواعد و ضوابط، سہولیات اور طلبہ کی معاونت کے نظام سے آگاہ کرنا تھا۔ سیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کی، جبکہ ڈائریکٹر انڈرگریجویٹ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انور بخاری، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، پرنسپل آفیسرز اور اساتذہ نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں، قومی و بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں مقام اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے سب کیمپسز کے قیام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی کامیابیاں اساتذہ اور طلبہ کی محنت اور لگن کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی محض تعلیم حاصل کرنے کا مرکز نہیں بلکہ کردار سازی، شخصیت کی نشوونما اور پیشہ ورانہ تربیت کا بھی اہم ادارہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور تعلیمی معیار کی بہتری کو اپنی ترجیح بنائیں۔ اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈینز اور پرنسپل آفیسرز نے طلبہ کو متعلقہ شعبہ جات، یونیورسٹی پالیسیوں، تحقیقی مواقع، تعلیمی پروگرامز اور ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اورینٹیشن سیشن کا مقصد نئے طلبہ کو یونیورسٹی کے ماحول سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں دستیاب تعلیمی و تربیتی مواقع سے بھرپور استفادے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔



