فلسطین اور کشمیر سمیت کئی ممالک میں انسانوں کے ساتھ درندوں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو یہ انسانی حقوق نظر نہیں آتے، مرکزی جمعیت اہلحدیث


فیصل آباد (94 نیوز میاں حمزہ) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبد الرشید حجازی، حافظ محمد یونس آزاد، سید سبطین شاہ نقوی، خالد محمود اعظم آبادی، مہر محمد عبداللہ ودیگر نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کے دوہرے معیار انصاف کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔فلسطین اور کشمیر سمیت کئی ممالک میں انسانوں کے ساتھ درندوں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے۔ لاکھوں کشمیری اور فلسطینی اب تک آزادی کے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ کشمیری کئی دھائیوں سے حق خودارادیت کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں مگر افسوس کہ ان ممالک میں معصوم بچوں، عورتوں اور ضعیف بزرگوں کے ساتھ ظلم وبربریت اور سفاکیت کی انتہا کر دی گئی ہے۔ لاکھوں افراد بنیادی حق سے محروم اور ریاستی جبر کا شکار ہیں مگر عالمی برادری اور انسانی حقوق کے چیمپئن ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں ۔انسانی حقوق کا عالمی دن منانے والوں نے دنیا کو آگ میں دھکیل دیا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق ہر فرد کا حق ہے مگر افسوس کہ فلسطین، کشمیر اور دیگر اسلامی ممالک میں عالمی برادری کو انسانی حقوق سلب ہوتے نظر نہیں آتے جو دنیا انکے حقوق سلب کررہی ہے۔ آج ہماری یہ مشترکہ ذمہ داری بنتی ہیں کہ ہم سب کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم و محصور انسانوں کو بنیادی حقوق دلانے کے لئے مشترکہ آواز بلند کرے ۔ اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دیگر انسانی حقوق کی دعوے دار تنظیموں کو مجبور کرے کہ وہ مساوی حقوق کی فراہمی کے لئے فی الفور اقدامات اٹھائے ۔



