National

Prevention and abuse of journalists from coverage is intolerable, Shahid Ali, Bilal Dogar

ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد بھٹی اور ان کے ساتھیوں کی صحافیوں کیساتھ بدسلوکی آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے، شوکت علی وٹو

Faisalabad (94 News City Reporter) فیصل آباد پریس کلب کے گروپ لیڈر شاہد علی، صدر محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو اور دیگر عہدیداران نے ضلع کونسل چوک پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرنے والے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (Beautiful Punjab) کے ملازمین کی کوریج کے دوران سابق صدر فیصل آباد پریس کلب جی اے تنویر اور سابق ایگزیکٹو ممبر نادر حسین مان کیساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ اور صحافتی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔

پریس کلب کے عہدیداران نے کہا کہ احتجاج کی کوریج کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر عابد بھٹی اور ان کے ہمراہ افراد نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور مبینہ طور پر بدسلوکی کی کوشش کی، جو آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض میں مداخلت کے مترادف ہے۔ ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی عوامی مسائل اجاگر کرنے اور حقائق عوام تک پہنچانے کے لیے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کے افسر یا اہلکار کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ صحافیوں کو کوریج سے روکے یا ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرے۔ فیصل آباد پریس کلب آزادیٔ صحافت پر کسی بھی قسم کے دباؤ یا حملے کے خلاف متحد ہے اور صحافی برادری کے تحفظ اور باعزت پیشہ ورانہ ماحول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
پریس کلب کے عہدیداران نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور آئندہ صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران تحفظ فراہم کیا جائے۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button