سمندری ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو اپ گریڈ کیا جائے گا، ڈویژنل کمشنر


فیصل آباد (94 نیوز) کمشنر سلوت سعید نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کا دورہ کیا اور ایمرجنسی وارڈ میں علاج معالجہ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی کو مریضوں کے لئے نزدیک ترین بلاک میں شفٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بڑھا کر 15 کی جائے۔
انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ایک ہفتہ میں عملدرآمد کرانے کا حکم دیا۔ کمشنر نے تحصیل ہسپتال کے مختلف شعبوں کی انسپکشن کی اورادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف کا ڈیوٹی روسٹر چیک کیا اورہسپتال میں صفائی کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔ وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور علاج معالجہ وادویات ملنے کے بارے میں دریافت کیا۔

کمشنر نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات بلاتاخیر مریضوں تک پہنچے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے انتظامی امور سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نعمان افضل اعوان،احمد سلیم چشتی،اسسٹنٹ کمشنرعمر سرور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ شہباز شریف پارک کا دورہ کیا اور پارک میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔انہوں نے پارک میں قدآور پودے لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو بھی زیادہ سے زیادہ پلانٹیشن کرنے کی جانب راغب کریں۔انہوں نے کہا کہ پارک میں فوارہ لگانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔کمشنر نے پارک کے مختلف حصے دیکھے اور کہا کہ سیروتفریح کے لئے آنیوالوں کو پارک میں مزید خوبصورت ودلکش ماحول نظر آنا چاہیے۔پارک کے واکنگ ٹریک کو مزید جاذب نظر بنائیں اوررات کے وقت مناسب لائٹنگ کا بندوبست کیا جائے۔کمشنر نے عید الاضحی صفائی اپریشن میں خدمات انجام دینے والے ویسٹ ورکرز میں نقد انعام بھی تقسیم کئے۔کمشنر سلوت سعید دورہ سمندری کے دوران اچانک جنرل بس سٹینڈ بھی پہنچ گئیں اورجنرل بس سٹینڈ میں صفائی کی صورتحال کو فوری بہتر کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں /ویگنوں میں مقررہ کرایہ نامہ پر عملدرآمد چیک اورمسافروں سے کرایوں بارے دریافت کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے تاکیدکی کہ مسافروں کے لئے ویٹنگ ایریاز اور واش رومز بنائے جائیں۔بسوں کے لئے بیز ایریاز(Bays Area)مختص کریں۔انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔قبل ازیں کمشنر فیصل آباد نے میونسپل کمیٹی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ضلع میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد بارے بریفنگ دی۔کمشنر نے کہاکہ فلڈ کنٹرول پلان پر موثر عملدرآمد کرایا جائے اس ضمن میں تمام ضروری مشینری اور ہیومن ریسورسز کو چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ اربن فلڈنگ کے حوالے سے چوکس رہیں۔انہوں نے کپاس کی فصل کی کاشت،کھادوں کی دستیابی بارے بریفنگ لی اور کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمدہونا چاہیے۔گرانفروشوں کو نکیل ڈالیں۔دالوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے اس ضمن میں سٹیک ہولڈرز سے میٹنگ کرکے دالوں کی قیمتوں میں استحکام لائیں۔روٹی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مقررہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس افسران کو ذمہ داریاں تفویض کریں۔انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کی زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتارمزید تیز کرائیں۔عبداللہ پور جھمرہ فلائی اوور،پرانی سبزی منڈی کی جگہ پارک کو جلد مکمل کرایا جائے۔الائیڈ ہسپتال I اور II کی توسیع کے کام پر بھی بریفنگ لی۔انہوں نے کہا کہ بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کومکمل کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہے۔کمشنر نے بتایا کہ مرکزی شاہرات واندرونی گلیوں کی مرمت وبحالی پر میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام 800 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔کمشنر نے اربن ٹرانسپورٹ کے روٹس پر سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینے اور فیڈبیک حکومت پنجاب کو بھجوانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ واسا،ایف ڈی اے، میونسپل کارپوریشن اور پھاٹا کو اپنی حدود میں تجاوزات کے صفایا کا ٹاسک تفویض کریں۔پٹرول پمپس سمیت کمرشلائزیشن کے باقی ماندہ کیسز بھی نمٹائے جائیں۔کمشنر نے عید الاضحی پر سمندری سمیت ضلع بھر میں صفائی کے اعلی ترین معیار کو سراہا۔ستھرا پنجاب پروگرام کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گاؤں کو جانے والے داخلی راستے کلیئر کریں۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ویلج کا قیام اچھا اقدام ہے۔کمشنر نے ہر یونین کونسل میں کم ازکم ایک ماڈل ویلج کے قیام کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ریکوری کے اہداف کے لئے موثر پلاننگ کریں۔سیکرٹری یونین کونسل،نمبردار اور چوکیدار کو متحرک کیا جائے۔کمشنر نے کہا کہ میرج ایکٹ پر عملدرآمدجاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس فعال،سٹریٹ لائٹس روشن، مین ہولز کور، شجرکاری اچھے اقدامات ہیں۔کمشنر نے میونسپل حدود کے باہرپڑے کوڑا کے دیرینہ ڈھیروں کے صفایا کو سراہا۔انہوں نے ریونیو اہداف پر بریفنگ لی اور کہا کہ باقیداروں سے سرکاری بقایاجات کی ریکوری کو مزید تیز کریں۔کمشنر نے جوڈیشل انکوائریز نمٹانے پر شاباش دی اور کہا کہ سرکاری اراضی کی حفاظت اور اسے عوامی بہبود کے لئے بروئے کار لانا احسن اقدام ہے۔کمشنر فیصل آباد نے ضلع کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیااور کہا کہ سرکاری محکموں پر عوامی اعتماد میں مزیداضافہ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔



