تیسری انٹرنیشنل برین اینڈ بایومیڈیسنز کانفرنس 2026 (IBBC-2026) کا آغاز ہوگیا


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) تیسری دو روزہ انٹرنیشنل برین اینڈ بایومیڈیسنز کانفرنس 2026 (IBBC-2026) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ کانفرنس معروف نیورو سائنٹسٹ اور IBRO گرانٹس کے حاصل کنندہ ڈاکٹر غلام حسین، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فزیالوجی کی قیادت میں منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ کانفرنس ڈیپارٹمنٹ آف فزیالوجی اور ڈیپارٹمنٹ آف فارماسیوٹکس کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہے۔
یہ ایونٹ انٹرنیشنل برین اویئرنیس ویک کا حصہ ہے، جس کا مقصد دماغی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ کانفرنس کو انٹرنیشنل برین ریسرچ فاؤنڈیشن (برطانیہ)، ڈانا فاؤنڈیشن (فرانس) اور کامسٹیک کی جانب سے سپانسر کیا گیا، جس سے اس کی بین الاقوامی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
یہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سائنسی تحقیق، بالخصوص دماغی صحت اور بایومیڈیکل علوم کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے ماہرین، محققین اور طلبہ شریک ہیں۔
اس کانفرنس میں 60 سے زائد قومی و بین الاقوامی اداروں کے شرکاء نے شرکت کی، جو اس ایونٹ کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ممتاز علمی شخصیات نے شرکت کی جن میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ، پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب شامل تھے۔
کانفرنس کا مرکزی حصہ Keynote Speakers کے خصوصی خطابات پر مشتمل رہا، جس میں بین الاقوامی اور قومی ماہرین نے اپنے تحقیقی تجربات اور جدید رجحانات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاکٹر زیلیہا سلام اوغلو، پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل بائیولوجی، نگدے عمر حالیس دمیر یونیورسٹی، ترکیہ نے اپنا کلیدی خطاب پیش کیا، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر، سربراہ شعبہ سائیکاٹری و بیہیویئرل سائنسز، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی نے بھی ایک اہم خطاب کیا۔
کانفرنس کا مقصد جدید سائنسی تحقیق کو فروغ دینا، دماغی صحت کے حوالے سے آگاہی بڑھانا اور عالمی سطح پر تعاون کو مستحکم کرنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے علمی پلیٹ فارمز تحقیق اور جدت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
منتظمین کے مطابق IBBC-2026 کے دوران آئندہ دنوں میں مزید اہم سیشنز، پریزنٹیشنز اور علمی مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا، جو شرکاء کو سیکھنے اور باہمی روابط بڑھانے کا ایک بہترین موقع فراہم کریں گے۔



