تقریبات/سیمینارز

برابری اور احترام کو فروغ دیں، ناانصافی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کریں، وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی

فیصل آباد (94 نیوز میاں حمزہ) جی سی وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا ہے کہ آئیے برابری اور احترام کو فروغ دیں۔ ناانصافی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کریں۔ ایک ایسی دنیا تخلیق کریں جہاں ہر فرد خوشحال ہو سکےکسی کو پیچھے چھوڑے بغیر آگے بڑھیں تاکہ سب کے لیے ایک منصفانہ، مضبوط اور جامع مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”عالمی دن برائے انسانی حقوق” اور "اینٹی کرپشن ڈے” کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں کیا۔ ساتھ ہی مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے تہوار کے سلسلہ میں تحائف تقسیم کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ اہل کتاب کے ساتھ ہمارا رشتہ ہے۔ پیغمبروں اور ان کے ماننے والوں کی عزت و احترام ہم سب پر لازم ہے۔ اپنے قول و فعل اور اپنے اعمال پر غور کریں۔ کسی کو کمتر نہ سمجھیں۔ حقوق و فرائض کو ساتھ ساتھ لے کر چلیں۔ دلوں کو کشادہ کریں اور حقیقتی معنوں میں اک پرچم تلے ہونے کا ثبوت دیں۔اور کہا کہ جس عزت و احترام کے ہم اپنے لئے خواہش مند ہیں دوسروں کو بھی وہ ہی دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں ہمیشہ تمام ملازمین کا خیال رکھا جاتا ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب، رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں۔ہمیں سب کے حقوق اور خوشیوں کا خیال رکھنا ہے۔ یہ تقریب محبت اور اتحاد کی علامت ہے ہم ہر موقع پر اپنے ملازمین کی خوشیوں میں شریک رہیں گے۔ خواتین کے حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے اوپر ظلم برداشت نہ کریں حکومت کی طرف سے مدد کے لئے قائم کردہ سنٹر سے رابطہ کریں اور اپنا تحفظ یقینی بنائیں۔
صدر انجمن تاجران، نصیر یوسف وہرہ، نے کہا کہ کرسمس محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم تمام مذاہب کے احترام کے ساتھ اس خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ شامل ہوں۔
سیمینار کے اختتام پرمسیحی ملازمین میں تحائف اور کپڑے تقسیم کیے اور کرسمس کا کیک کاٹا ۔سیمینار سے قبل آگاہی واک بھی کی گئی۔


اینٹی کرپشن ڈے کے حوالہ سے ہونے والے تقریری مقابلہ جات میں حصہ لینے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر مسیحی برادری کے افراد نے تحائف کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام ان کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔ تقریب میں کوارڈینیٹر فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ثمین سمیت ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز، ڈائریکٹر میڈیا ، صدر شعبہ ایجوکیشن، صدر شعبہ اردو اور صدر شعبہ انگریزی نے بھی شرکت کی ۔ ان تقاریب کا اہتمام ڈائریکٹریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز نے دیگر شعبہ جات کے تعاون سے کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button