ایف ڈی اے نے واجبات کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم متعارف کروادیا


فیصل آباد (94 نیوز) ایف ڈی اے نے شہریوں کی آسانی و سہولت کیلئے واجبات کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم متعارف کروادیا۔ پہلے مرحلے میں پراپرٹی ٹرانسفر کے واجبات کی آن لائن ادائیگی ہو سکے گی جبکہ مکمل ڈیٹا اپ لوڈ ہونے کے بعد عنقریب دیگر ادائیگیاں بھی آن لائن ہوسکیں گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے آن لائن پے منٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس یاسراعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور، پی ایس او شبیر ساجد گجر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی خوشنود احمد ودیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ا ے نے آن لائن ادائیگی کے سسٹم کے اجراء کو ادارہ کی ترقی اور سروس ڈیلیوری کے حوالے سے اہم سنگ میل قراردیتے ہوئے کہاکہ ایف ڈی اے کے مالیاتی امور کی شفافیت کیلئے مسلسل کوشش سے آن لائن پے منٹ سسٹم کو متعارف کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں جو کہ خوش کن امر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس نظام کی بدولت نہ صرف مالیاتی نظم و نسق مستحکم ہوگا بلکہ کسی قسم کی خرد برد، جعلی چالان یا بے قاعدگی کے احتمال کا خاتمہ، ای چالان کے اجراء سے درخواست گزاروں کو ادائیگی میں آسانی اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔انہوں نے تفصیلات کاذکر کرتے ہوئے بتایاکہ ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ حکومت پنجاب کے ادارہ پنجاب اربن لینڈ سسٹم انحاسمنٹ ”پلس” کے ساتھ معاہدہ کے بعد یہ سسٹم تیار کیاگیاہے جس کے تحت درخواست گزار اپنے موبائل سے متعلقہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے واجبات معلوم کرکے اپنے بینک کی ایپ کے ذریعے آن لائن پے منٹ کرسکیں گے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ شہریوں کوجدیدتقاضوں سے ہم آہنگ محکمانہ سروسز کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور ان لائن پے منٹ سسٹم کو فعال رکھتے کے سلسلے میں محکمانہ انتظامات پر ذمہ دارانہ عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے تاکہ کسی درخواست گزار کو کوئی پریشانی یا مشکل پیش نہ آئے۔ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نورنے بریفنگ کے دوران بتایاکہ ابتدائی طور پر پراپرٹی ٹرانسفر کرنے کے واجبات کی آن لائن پے منٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور وقتی طور پر درخواست گزاروں کو چالان ون ونڈو کاؤنٹر سے وصول کرنا ہوگا تاہم پراپرٹی ریکارڈ کا مکمل ڈیٹا اس سسٹم میں اپ لوڈ ہونے کے بعد پراپرٹی مالکان گھر بیٹھے اپنے واجبات آن لائن چیک کرکے پے منٹ کرسکیں گے انہیں دفتر یا رقوم لیکر بینک نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے بتایاکہ اس سسٹم کی مزید توسیع کے بعد ایف ڈی اے کی دیگر مختلف فیسوں /واجبات کی بھی آن لائن ادائیگی ہوسکے۔



