قومی

این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری اعجاز کا فیصل آباد پریس کلب کا دورہ، عہدیداران اور صحافیوں سے ملاقات، اعزازی شیلڈ پیش

فیصل آباد (94 نیوز عزیر ندیم سٹی رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری اعجاز نے وفد کے ہمراہ فیصل آباد پریس کلب کا دورہ کیا اور صدر پریس کلب محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو، سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید سمیت دیگر عہدیداران اور صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل دور میں درپیش چیلنجز، آن لائن فراڈ، سوشل میڈیا پر ہراسانی اور صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران این سی سی آئی اے اور صحافتی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری اعجاز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ سائبر جرائم کی نوعیت میں بھی تبدیلی آ رہی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ این سی سی آئی اے آن لائن فراڈ، سائبر ہراسانی، جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام تک آگاہی پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے اور اس سلسلے میں صحافتی اداروں کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور ڈی جی سید علی ناصر رضوی کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو سائبر کرام سے بچاو کو ترجیحات میں شامل کیا جاے سائبر انفو ایپ عوام کے لیے متعارف کروائی جو آسان رسائی کے لیے موثر ہے ایس ایچ او اسد اقبال سب انسپکٹر عمر رحمان نے سائبر قوانین کی مختلف شقوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
صدر فیصل آباد پریس کلب محمد بلال ڈوگر نے کہا کہ سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں اور میڈیا کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔ صحافی معاشرے میں شعور بیدار کرنے اور عوام کو درست معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب اور این سی سی آئی اے کے درمیان باہمی تعاون سے عوام کو ڈیجیٹل جرائم سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔سیکرٹری فیصل آباد پریس کلب شوکت علی وٹو نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سائبر جرائم ایک اہم سماجی مسئلہ بن چکے ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی اور اداروں کی مؤثر رہنمائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ عوامی مفاد کے معاملات پر بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور این سی سی آئی اے کے ساتھ رابطے اور تعاون کو خوش آئند سمجھتا ہے۔سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث شہریوں کو آن لائن فراڈ، بلیک میلنگ، جعلی خبروں اور ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا اور متاثرہ افراد کو بروقت قانونی رہنمائی فراہم کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ملاقات کے دوران پریس کلب عہدیداران نے سائبر کرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے این سی سی آئی اے کی خدمات کو سراہا، جبکہ ایجنسی کے نمائندگان نے صحافیوں اور شہریوں کو آن لائن جرائم سے بچاؤ کے حوالے سے رہنمائی اور ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری اعجاز نے فیصل آباد پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر فیصل آباد پریس کلب کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری اعجاز کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ دورے کے اختتام پر وفد اور پریس کلب عہدیداران نے یادگاری تصویر بھی بنوائی۔ اس موقع پر چئیرمین الیکشن کمیٹی میاں بشیر اعجاز ۔صدر فوٹو جرنلسٹس محمد طاہر ایگزیکٹو ممیبران رانا حناء جمیل ۔راناعلی حسن ۔سید ذاکر حسین ۔ملک شوکت تبسم ۔ابرار حبیبی ۔۔سینئر صحافی ڈاکٹر جمیل ملک ۔نادر حسین مان ودیگر موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button