قومی

فیصل آباد پریس کلب کے انتخابات ڈیجیٹل بائیومیٹرک نظام کے تحت کرانے کا فیصلہ، سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کی کابینہ کا اجلاس صدر محمد بلال ڈوگر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں گروپ لیڈر شاہد علی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی سیکرٹری شوکت علی وٹو نے شروع کی۔ اجلاس میں پریس کلب کے آئندہ انتخابات ڈیجیٹل بائیومیٹرک نظام کے تحت کرانے، انتخابی عمل کو شفاف بنانے اور ممبران کی سکروٹنی کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا۔صدر محمد بلال ڈوگر نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب پاکستان کا پہلا پریس کلب ہوگا جہاں انتخابات ڈیجیٹل بائیومیٹرک نظام کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو ممبران کی جانچ پڑتال اور انتخابی مراحل کی نگرانی کرے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور قابل اعتماد بنایا جائے گا۔سیکرٹری شوکت علی وٹو نے کہا کہ ممبران کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور پریس کلب کی ترقی کے لیے گروپ لیڈر شاہد علی کی قیادت میں عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈیجیٹل بائیومیٹرک انتخابات کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔گروپ لیڈر شاہد علی نے کہا کہ بائیومیٹرک نظام اور سکروٹنی کمیٹی کا قیام انتخابی عمل میں شفافیت، میرٹ اور اعتماد کو فروغ دے گا۔ انہوں نے صدر اور کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دیگر پریس کلبوں کے لیے بھی مثال بنے گا۔ بائیومیٹرک نظام فراہم کرنے والی کمپنی کے نمائندے نے کابینہ کو نظام کی فعالیت اور انتخابی عمل میں استعمال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔سابق صدر جی اے تنویر نے فیصلے کو انقلابی اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے انتخابی نظام میں بہتری اور ممبران کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں کابینہ ارکان نے بھی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، نائب صدر زاہد محمود ڈوگر، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، جوائنٹ سیکرٹریز علی رضا ملک اور عدیل زاہد مان، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول، چیئرمین الیکشن کمیٹی میاں بشیر اعجاز، ایگزیکٹو ممبران ارشد انصاری، ذاکر حسین، رانا حناء جمیل، رمشاء طارق، شاہد محمود ملک، شوکت تبسم، حماد ملک، رانا علی حسن، رانا ندیم اختر، رانا فضیل، ابرار حبینی، فہیم مشتاق کھنہ اور رانا سجاد مصطفائی نے شرکت کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button