جڑانوالہ روڈ پر تجاوزات کیخلاف کارروائیاں صرف زبانی جمع خرچ اور جھوٹی رپورٹ مرتب کرنے تک محدود ہو گئیں

ڈھڈی والا میں لاہور سویٹس، اے ون فوڈز وغیرہ نے مین روڈ کو پارکنگ ایریابنا لیا، میونسپل کارپوریشن کا عملہ کارروائی کرنے سے گریزاں

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) میونسپل کارپوریشن اور پیرا فورس صرف مخصوص علاقوں میں ہی تجاوزات کیخلاف کارروائی کرکے تصاویر اور رپورٹس اعلیٰ حکام تک پہنچاے میں مصروف ہے۔ ڈھڈی والا مین جڑانوالہ روڈ پر کئی فوڈ پوائنٹس جن میں لاہور سویٹ شاپ، اے ون فوڈز، اے ون سوئٹس سے لیکر جلوی مارکیٹ تک پارکنگ ایریا بن گیا جس سے مین ٹریفک کی روانی متاثر ہونے لگی، یہ سویٹ شاپس اور فوڈ پوائنٹس نے فٹ پاتھ پر بھی قبضہ کیا ہو جہاں کوکنگ اور تیل کے بڑے کڑاہے رکھ کر اشیاء فرائی کی جاتی ہیں، میں روڈ پر موٹر سائیکل اسٹینڈ بنا کر قبضہ کیا ہوا ہے اور اسی طرح گاڑیوں کی بھی پارکنگ آدھی سڑک پر کی جاتی ہے جس سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فٹ پاتھ پر سے قبضہ ختم کروایا جائے تاکہ پیدل چلنے والوں کو دشواری نہ ہو۔ کئی شہریوں نے مبینہ طور پر الزام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ جب بھی کوئی خبر چلتی عارضی طور پر تجاوزات ختم کروا کر اپنا حصہ وصول کرکے چلا جاتا چند ہی لمحوں کے بعد تجاوزات کی بھرمار ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ اگر میونسپل کارپوریشن کا عملہ ایمانداری کیساتھ تجاوزات کا خاتمہ کروادے تو دوبارہ تجاوزات نہیں ہوسکتیں لیکن عملہ کی مرضی کے بغیرتجاوزات کرنا نا ممکن ہے۔ جب بھی کوئی کارروائی کرنا ہوتی ہے میونسپل کارپوریشن کا عملہ خود ہی دکانداروں کو کارروائی کی قبل از وقت اطلاع کردیتا ہے اور میونسپل کارپوریشن کی گاڑیاں ڈھڈی والا پہنچ جاتی ہیں، چند ریڑھی والوں کیخلاف کارروائی کرکے تصاویر بنا لی جاتی ہیں جو اعلیٰ افسران تک پہنچا دی جاتی ہیں کہ انہوں نے بھرپور کارروائی کردی ہے اور ایک پریس ریلیز جاری کردی جاتی ہے، لیکن اصل قبضہ گروپ پھر بچ جاتے اور اسی طرح فٹ پاتھ اور سڑک پر قابض رہتے جن کیخلاف کارروائی کرنا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ باوثوق ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یہ سویٹ شاپس اور فوڈ پوائنٹس سیاسی اثروسوخ بھی رکھتے ہیں جس کی وجہ سے مٹھی گرم کرنے کی ساتھ سفارش بھی چلری اور کارپوریشن کا عملہ فرضی کارروائی کرکے چلتا بنتا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مین جڑانوالہ روڈ کو بھی تجاوزات سے پاک کیا جائے صرف چند علاقوں میں کارروائی کرنا اور میں روڈ پر تجاوزات کیخلاف کارروائی نہ کرنا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔



