گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چکنمبر 124 ج ب مرضی پورہ عرصہ دراز سے بنیادی سہولتوں سے محروم، نہ سائنس ٹیچر نی سائنس لیب، تعلیم کیساتھ مذاق کیوں؟ خالد محمود اعظم آبادی


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) سیاسی وسماجی اور مذہبی رہنما خالد محمود اعظم آبادی نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، وزیر تعلیم، کمشنر و ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چکنمبر 124 ج ب مرضی پورہ نڑ والا روڈ کی حالت زار پر رحم کھاتے ہوئے وہاں پر بچیوں کے لئے سائنس ٹیچرز، سائنس لیبارٹری اور نئے کمروں کی تعمیر کے فی الفور احکامات جاری کیے جائیں۔ گزشتہ روز خالد محمود اعظم آبادی نے کمشنر فیصل آباد سے ملاقات کے دوران سکول کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسط میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مرضی پورہ تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے گرمی و سردی کے موسم میں معصوم بچیاں کمروں کے بغیر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ 2013 میں مڈل سے ھائی کا درجہ تو مل گیا مگر افسوس کہ آج تک نہ تو سائنس ٹیچرز مل سکی اور نہ سائنس طالبات کے لئے سائنس لیبارٹری بن سکی۔ اس سے قبل بھی ڈپٹی کمشنر و ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو درخواستیں دی گئیں مگر کسی نے توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ قرب و جوار میں بچیوں کے لیے کوئی ہائی سکول نہیں ہے دور دراز سے تعلیم حاصل کرنے والی طالبات انتہائی پریشانی کے عالم میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔



