نیاب کے اشتراک سے ”جانوروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ بذریعہ ہیٹ سپونج ٹیکنالوجی” کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر کی صدارت، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈاکٹر محمد قیصر خلیق،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک چنیوٹ اور ڈاکٹر یوجین سہیل کی خصوصی شرکت

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) نیوکلیئر انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بیالوجی (NIAB) کے اشتراک سے ”جانوروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ بذریعہ ہیٹ سپونج ٹیکنالوجی” کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ ویٹرنری ماہرین اور فیلڈ ورکرز کے لئے سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی۔یہ تربیتی پروگرام ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر کی زیر صدارت منعقد ہوا جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع فیصل آباد، ڈاکٹر محمد قیصر خلیق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع چنیوٹ اور ڈاکٹر یوجین سہیل نے بھی خصوصی شرکت کی۔ورکشاپ میں ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیو سٹاک، سینئر ویٹرنری افسران، ویٹرنری افسران،آرٹیفیشیل انسیمینیشن ٹیکنیشنز اور فیصل آباد ڈویژن کے ترقی پسند بریڈرز نے شرکت کی۔ڈاکٹر ریحانہ کوثر، پرنسپل سائنٹسٹ NIABنے ہیٹ سپونج ٹیکنالوجی کی افادیت، درست استعمال اور جانوروں کی تولیدی کارکردگی بہتر بنانے میں اس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے اپنے تجربات بھی شرکاء سے شیئر کئے۔ ڈاکٹر طارق حسین، پرنسپل سائنٹسٹ NIAB نے اس ٹیکنالوجی کے چھوٹے جانوروں (بھیڑ و بکری) میں استعمال سے متعلق اہم نکات پیش کئے۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی ناگزیر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیقاتی اداروں کی جدتوں کو عملی سطح تک لانے کی ذمہ داری ویٹرنری ڈاکٹرز اور فیلڈ ورکرز کی ہے جو اس مشن میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے NIAB کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اس ٹیکنالوجی کی افادیت سے کسانوں کو روشناس کرائے گی۔ورکشاپ میں فیصل آباد ڈویژن کے معروف ترقی پسند بکری پال حضرات فائق رحمان اور رانا عدیل سرور نے بھی شرکت کی اور اپنے قیمتی تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی چیف سائنٹسٹNIAB ڈاکٹر عظمی مقبول نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مزید تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔



