قومی

14اگست تجدید عہد کا دن، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ایم ڈی واسا عامر عزیز

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پرجشن یوم آزادی کے سلسلہ میں شہداء پاکستان کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔امام مسجد مولانا عامر نوید نے واسا آفس مسجد میں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد پاکستان کی آزادی کی جدوجہد کے دوران شہید ہونیوالے اور وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے شہدا ء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے بے شمار افراد نے جدوجہد کی اور وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کردیں اسی طرح وطن عزیز کی بقا ء کے لئے ملکی سرحدوں کی دن رات حفاظت کرتے ہوئے پاک افواج کے افسران و جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ 14، اگست جشن یوم آزادی تمام شہداء پاکستان کی قربانیوں کا ثمر ہے اور 14اگست تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ پاکستانی فورسز ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی قربانیوں کے باعث آج پاکستان قائم و دائم ہے اور انشا ء اللہ تا قیامت قائم رہے گا۔ خصوصی دعا میں ڈائریکٹر آئی اینڈ سی محمد اقبال ملک سمیت واسا ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button